خطبات محمود (جلد 39) — Page 103
$1958 103 خطبات محمود جلد نمبر 39 لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا یہ فلاں قبیلہ کے لوگ ہیں۔ابوسفیان کہنے لگا اُس قبیلہ کے لوگ تو بہت کی تھوڑے ہیں اور ان کی تعداد بہت زیادہ ہے۔یہ وہ نہیں ہو سکتے۔ساتھیوں نے پھر کہا یہ فلاں قبیلے کے لوگ ہوں گے۔ابوسفیان نے کہا میں جانتا ہوں کہ اس قبیلہ کے لوگ بھی تھوڑے ہیں۔یہ ان سے بہت زیادہ ہیں۔ابھی وہ یہ باتیں کر ہی رہے تھے کہ اندھیرے میں سے آواز آئی۔ابو حظلہ (یہ ابوسفیان کی کنیت تھی )۔ابوسفیان نے آواز پہچان کر کہا عباس ! تم یہاں کہاں؟ انہوں نے جواب دیا سامنے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا لشکر پڑا ہے۔ابوسفیان گھبرایا اور اپنی سواری پر کھڑا ہو گیا۔اس نے خیال کیا کہ اب میری شامت آگئی ہے کیونکہ میں نے ساری عمرمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دکھ دیا ہے۔حضرت عباس جو ابوسفیان کے گہرے دوست تھے اور پہرہ پر مقرر تھے انہوں نے کہا کم بخت ! جلدی سے میرے پیچھے سواری پر بیٹھ جا۔ورنہ عمر میرے پیچھے آ رہا ہے وہ تیری خبر لے گا۔چنانچہ حضرت عباس نے ابوسفیان کا ہاتھ پکڑا اور کھینچ کر اپنے پیچھے بٹھا لیا اور گھوڑا دوڑاتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جا پہنچے۔وہاں پہنچتے پہنچتے ابوسفیان مبہوت سا ہو چکا تھا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی یہ حالت دیکھی تو حضرت عباس سے فرمایا عباس! تم ابوسفیان کو اپنے ساتھ لے جاؤ اور رات کو اپنے پاس رکھو۔صبح میرے پاس لانا۔چنانچہ ابوسفیان ساری رات حضرت عباس کے پاس رہا۔جب صبح اُسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لائے تو فجر کی نماز کا وقت تھا اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھا رہے تھے اور دس ہزار کا لشکر پیچھے صف باندھے کھڑا تھا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب رکوع کے لیے اپنا سر جھکا یا تو دس ہزار مسلمان آپ کی اتباع کی میں نیچے جھک گئے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم رکوع سے کھڑے ہوئے تو دس ہزار مسلمان کھڑے ہو گئے۔پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ میں گرے تو دس ہزار افراد سجدہ میں گر گئے۔پھر سجدہ سے اُٹھے تو دس ہزار افراد سجدہ سے اٹھ بیٹھے۔پھر دوبارہ سجدہ کے لیے جھکے تو دس ہزار افرا دسجدہ میں جھک گئے۔پھر سجدہ سے اُٹھ کر تشہد کے لیے بیٹھے تو دس ہزار افراد تشہد میں بیٹھ گئے۔ابوسفیان نے سمجھا کہ شاید میرے لیے یہ کوئی نئی قسم کا عذاب تجویز ہوا ہے۔چنانچہ اس نے حضرت عباس سے جو پہرہ پر مقرر ہونے کی وجہ سے نماز میں شریک نہیں ہوئے تھے دریافت کیا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ انہوں نے کہا ابوسفیان ! گھبراؤ نہیں ، یہ تمہارے مارنے کی تیاری نہیں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھا رہے