خطبات محمود (جلد 37) — Page 352
خطبات محمود جلد نمبر 37 352 $1956 ختم ہو گیا۔اس ترجمہ کے متعلق لوگوں کی رائے کا تو اُس وقت پتا لگے گا جب یہ ترجمہ چھپے گا لیکن میری رائے یہ ہے کہ اس وقت تک قرآن کریم کے جتنے ترجمے ہو چکے ہیں ان میں سے کسی ترجمہ میں بھی اردو محاورے اور عربی محاورے کا اتنا خیال نہیں رکھا گیا جتنا اس میں رکھا گیا ہے۔یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ اُس نے اتنے تھوڑے سے عرصہ میں ایسا عظیم الشان کام سرانجام دینے کی مجھے توفیق عطا فرما دی ورنہ مجھ پر وہ زمانہ گزر رہا تھا جب بعض نوجوانوں نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ خلیفہ اب بڑھا ہو گیا ہے اور وہ معزول کیے جانے کے قابل ہے۔اللہ تعالیٰ نے اس بڑھے اور کمزور انسان سے وہ عظیم الشان کام کروا لیا جو بڑے بڑے طاقتور بھی نہ کر سکے۔گزشتہ تیرہ سو سال میں بڑے بڑے قوی نوجوان گزرے ہیں مگر جو کام اللہ تعالیٰ نے مجھے سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائی ہے اس کی اُن میں سے کسی کو بھی توفیق نہیں ملی۔در حقیقت یہ کام خدا کا ہے اور وہ جس سے چاہتا ہے کروا لیتا ہے۔چنانچہ اُس نے یہ کام اُس شخص سے کروا لیا جس کے متعلق جماعت میں سے بعض منافقین نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ اب یہ ضعیف اور بڑھا ہے اسے کام سے الگ کر کے بٹھا دینا چاہیے یا اسے دو نائب دے دینے چاہیں ، خود یہ کام کرنے کے قابل نہیں۔یہ دوسری توجیہہ امریکہ سے آئی ہے۔چنانچہ وہاں سے رپورٹ پہنچی ہے کہ جب عبدالمنان سے کہا گیا کہ تمہارے بھائی نے یہ الفاظ کہے ہیں تو اُس نے کہا کہ میرے بھائی کا تو یہ مطلب تھا کہ چونکہ خلیفہ وقت کمزور اور بوڑھے ہو چکے ہیں اس لیے اب انہیں دو مددگار دے دینے چاہیں۔وہ لکھتے ہیں کہ عبدالمنان ہمارے پاس جتنی دیر بیٹھا رہا یہی بحث کرتا رہا اور عبدالوہاب سے الزام دور کرنے کی کوشش میں نئی نئی تشریحیں کرتا رہا۔وہ خط اس وقت میرے سامنے نہیں مگر اُس کا مفہوم یہی تھا۔جب وہ چھپ جائے گا تو دوسرے لوگ بھی اسے پڑھ لیں گے۔یہ آیتیں جو میں نے ابھی پڑھی ہیں ان میں اللہ ہمیں ایک زبردست نصیحت کرتا ہے۔فرماتا ہے یا يُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا لَقِيتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوا وَاذْكُرُوا الله كَثِيرً ا لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ اے مومنو! دنیا میں انسان کو مختلف مقابلے پیش آتے رہتے ہیں