خطبات محمود (جلد 37)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 100 of 643

خطبات محمود (جلد 37) — Page 100

$1956 100 00 8 خطبات محمود جلد نمبر 37 دین کے لیے زندگی وقف کرنے والے نوجوانوں سے خطاب اس امر کو اچھی طرح سمجھ لو کہ تمہارا مطمح نظر اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی ہونا چاہیے (فرمودہ 24 فروری 1956ء بمقام ربوہ) تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: ”میں نے پیچھے خطبات جمعہ میں وقف کے متعلق بعض باتیں بیان کی تھیں۔ان کے متعلق باہر سے بھی جماعت کے دوستوں کے خطوط آ رہے ہیں اور ربوہ سے بھی بعض خطوط آ رہے ہیں اور کچھ نوجوان ان سے متاثر ہو کر اپنی زندگیاں دین کی خدمت کے لیے وقف بھی کر رہے ہیں۔چنانچہ باہر سے بھی بعض گریجوایٹوں کی درخواستیں وقف زندگی کے متعلق آئی ہیں اور یہاں سے بھی بعض ایسے نوجوانوں نے زندگیاں وقف کی ہیں جو بی۔اے بی۔ایس سی کلاسز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور کچھ ایسے نوجوان بھی ہیں جو عربی پڑھ کر جامعۃ المبشرین میں آنا چاہتے ہیں۔اسی سلسلہ میں ایک خط ایک واقف زندگی مبلغ کی طرف سے آیا ہے جس میں اُس نے لکھا ہے کہ میں نے اس بات پر غور کیا ہے کہ واقفین زندگی میں بددلی کیوں پیدا ہو رہی ہے۔اور غور کرنے کے بعد میں اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ اس کا موجب خود واقفین زندگی ہیں۔