خطبات محمود (جلد 37)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 129 of 643

خطبات محمود (جلد 37) — Page 129

$1956 129 خطبات محمود جلد نمبر 37 بھیجا جائے گا تو وہ تبلیغ کے ساتھ جماعت کے زمینداروں کی اقتصادی حالت کو بھی بہتر بنا سکیں گے۔اسی طرح ڈرائیونگ کا پیشہ بہت مفید ہے۔کالج والوں کو چاہیے کہ وہ ہر واقف کو ڈرائیونگ کا کام سکھا دیں۔جن لوگوں کو شوق ہوتا ہے وہ بڑی آسانی سے یہ فن سیکھ لیتے ہیں۔پھر ڈرائیونگ کا کام سکھانے کے بعد انہیں موٹر مکینک کا کام سکھانا چاہیے۔غیر ملکوں میں ڈرائیونگ کا کام جاننے والے کی بہت قدر ہوتی ہے۔وہاں ڈرائیور ملنا مشکل ہوتا ہے۔اس لیے اگر کوئی خود ڈرائیونگ جانتا ہو تو اُسے کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔یورپ کے سفر کے دوران میں میں نے ایک موٹر ڈرائیور سے دریافت کیا کہ یہاں گھروں میں کام کرنے والے ڈرائیوروں کی کیا تنخواہ ہے؟ تو اس نے بتایا کہ یہاں ان کی تنخواہیں نو سو روپیہ ماہوار تک ہیں۔پھر میں نے دریافت کیا کہ ٹیکسی ڈرائیوروں کی کیا تنخواہ ہے؟ تو اس نے بتایا ٹیکسی ڈرائیوروں کی تنخواہ پانچ سو روپیہ ماہوار تک ہے۔میں نے کہا گھر کے ڈرائیور کو تو دن میں کسی وقت ڈرائیونگ کرنی پڑتی ہے اور تمہیں سارا دن ڈرائیونگ کرنی پڑتی ہے۔پھر تمہاری اور گھر کے ڈرائیوروں کی تنخواہوں میں اس قدر فرق کیوں ہے؟ تو اُس نے بتایا کہ ہمیں وقتاً فوقتاً انعام بھی ملتے رہتے ہیں اور انعاموں کو ملا کر ہماری تنخواہ ہزار روپے ماہوار سے بھی زیادہ ہو جاتی ہے۔لیکن گھر کے ڈرائیور کو کوئی انعام نہیں ملتا۔اس لیے اس کی تنخواہ ٹیکسی ڈرائیور سے زیادہ ہوتی ہے۔پس ڈرائیونگ اور مستری کا کام بہت مفید پیشہ ہے اور کالج والوں کو چاہیے کہ وہ اپنے طلباء کو ان پیشوں کی تعلیم دیں۔ہمارے علماء نے پچھلے بزرگوں کی کتابیں پڑھی ہیں۔اُن میں عموماً یہ لکھا ہوتا ہے کہ فلاں بزرگ جو بہت بڑے عالم تھے اور دنیا کے کناروں سے لوگ اُن کے پاس آتے تھے موزوں کی مرمت کیا کرتے تھے یا جوتیاں گانٹھ کر روزی کمایا کرتے تھے۔فلاں بزرگ ٹوکریاں بنایا کرتے تھے۔غرض ہر شخص کوئی نہ کوئی پیشہ جانتا تھا۔اس چیز اہل عرب پر اتنا اثر ہوا کہ آج تک وہ اپنے پیشے گناتے ہیں۔ان میں چاہے کوئی وزیر اعظم ہو تب بھی وہ اپنے نام کے ساتھ اپنا پیشہ لگائے گا اور اُسے وہ بالکل بُرا نہیں سمجھے گا۔پس طلباء کو مختلف پیشے سکھانے چاہیں۔اسی طرح اگر علماء مختلف پیشے سیکھ لیں تو جماعت میں بھی ان پیشوں کی قدر ہو جائے گی۔