خطبات محمود (جلد 36)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 93 of 338

خطبات محمود (جلد 36) — Page 93

$1955 93 16 خطبات محمود جلد نمبر 36 خدا تعالیٰ کی تمام برکات اطاعت اور تنظیم سے وابستہ ہیں (فرمودہ یکم جولائی 1955ء بمقام ہیگ، ہالینڈ 1) تشهد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا۔" برادران ! کل صبح میں آپ کے ملک سے جار ہا ہوں اور طبعی طور پر یہ جدائی مجھے شاق گزر رہی ہے۔افسوس ہے کہ میں یہاں ایسے وقت میں آیا جب کہ میں بیمار تھا اور اس بیماری کی وجہ سے میری نظر کان اور قوت یادداشت کافی حد تک اثر پذیر ہیں۔اس لیے میں احباب کے چہروں اور اُن کے ناموں کو بہت جلد بھول جاتا ہوں۔مجھے ڈر ہے کہ میرے بھائی یہ محسوس نہ کریں کہ میں اُن کی طرف توجہ نہیں کرتا۔حالانکہ یہ بالکل غلط ہے۔واقع یہ ہے کہ میں بعض اوقات ان کے چہروں کو بھول جاتا ہوں اور دوسروں سے پوچھتا ہوں کہ وہ صاحب کون ہیں؟ پس یہ بات صرف میری بیماری کی وجہ سے ہے، عدم توجہ کی وجہ سے نہیں ہے۔عام طور پر کہا جاتا ہے کہ بیماری خدا تعالیٰ کی طرف سے آتی ہے۔حالانکہ در حقیقت بیماری خدا تعالیٰ کی طرف سے نہیں بلکہ خود ہماری غلطیوں کی وجہ سے آتی ہے۔ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ میری بیماری اُس سخت کام کی وجہ سے آئی ہے جو میں نے جلسہ سالانہ کے موقع پر کیا تھا۔تقریباً ایک ماہ تک میں ساری ساری رات پڑھتا رہا اور لیکچروں کی تیاری کے لیے نوٹ لیتا رہا۔