خطبات محمود (جلد 35)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 427 of 461

خطبات محمود (جلد 35) — Page 427

$1954 427 خطبات محمود اور دوسرے سے نکال دیتے ہو۔تم پیغام کو دوسروں تک نہیں پہنچاتے ، اگر تم خطبات سن کر ان ان پر عمل کرو اور پھر انہیں دوسروں تک پہنچاؤ تو تم دیکھ لو گے کہ فرشتے تم پر نازل ہوں گے اور تمہارا کام جو اس وقت مشکل نظر آ رہا ہے آسان ہو جائے گا۔دنیا میں سحر اور جادو کی باتیں مشہور ہیں۔ہمارے نزدیک تو یہ باتیں درست نہیں لیکن اگر یہ بچی بھی ہوں تو خدا تعالیٰ کا سحر ان سے بہت بڑا ہے۔تم نے جادو کی بعض کتابیں پڑھی ہوں گی۔بعض لوگوں کے نزدیک ان کا پڑھنا جائز نہیں۔میں نے تو یہ کتابیں بھی پڑھی ہیں۔گوان کو وہم اور جنون سمجھتا ہوں اور اب بھی موقع ملے یا طبیعت خراب ہو تو اس قسم کی کتابیں اُٹھا کر پڑھ لیتا ہوں۔اس سے طبیعت بہلنے کے علاوہ دوسرے لوگوں کی بیوقوفیاں بھی ظاہر ہو جاتی ہیں۔بہر حال اگر تم نے اس قسم کی کتابیں پڑھی ہوں تو تم نے پڑھا ہوگا کہ فلاں نے جادو کیا اور زنجیریں آپ ہی آپ کھل گئیں۔جادو سے زنجیریں کھلتی ہیں یا نہیں اس کو چھوڑ دو لیکن جب خدا تعالیٰ کے فرشتے آ جاتے ہیں تو دل کی زنجیریں ضرور کھل جاتی ہیں۔کیونکہ خدا تعالیٰ نے انہیں اس کام پر مقرر کیا ہے کہ وہ ہر جگہ جائیں اور انسان کے جذبات ، خیالات اور اعمال لکھتے جائیں تم دیکھتے ہو کہ جس شخص کو گورنمنٹ نے مقرر نہیں کیا وہ کسی کے گھر جاتا ہے تو اُسے پہلے دروازہ کھٹکھٹانا پڑتا ہے۔لیکن اگر گورنمنٹ پولیس کو کسی کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے تو اُسے اندر جانے کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔اسی طرح فرشتوں کی بھی ڈیوٹیاں مقرر ہیں۔انہیں اپنی ڈیوٹی کے سلسلہ میں کسی مکان کے اندر جانا ہو تو اجازہ لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔جس طرح کسی لنگر کے باورچی یا نان پز کولنگر میں آنے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی، بورڈنگ کے طالبعلم کو بورڈنگ کے اندر آنے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی، ہوٹل کے کمرے میں رہنے والے کو ہوٹل میں جانے کے لیے اجازت طلب کرنی نہیں پڑتی۔اسی طرح فرشتے جنہیں دلوں کی نگرانی کے لیے خدا تعالیٰ مقرر کیا ہے وہ بھی اندر جانے کے لیے کسی کی اجازت کے محتاج نہیں۔اُن کے آگے دلوں کے دروازے آپ ہی آپ کھل جاتے ہیں۔پس اگر تم اپنے مقصد میں کامیاب ہونا چاہتے ہو تو تمہارا فرض ہے کہ تم فرشتوں کو اپنی مدد کے لیے بلاؤ اور ان سے کام لو۔