خطبات محمود (جلد 31)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 153 of 292

خطبات محمود (جلد 31) — Page 153

$1950 153 خطبات محمود نمونہ کے پیش کرنے کے بعد قوم اپنی انتہائی جدوجہد کا مظاہرہ کر دیتی ہے۔پچھلے دو تین سال سے تحریک جدید کے وعدوں میں سستی ہو رہی ہے اور اس کے ایفاء میں تو نہایت ہی خطرناک غفلت برتی جارہی ہے۔یہ غفلت اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ اب ہم مجبور ہیں کہ یا تو اپنے نصف کے قریب مشن باہر کے بند کر دیں اور یا پھر نصف کے قریب جماعت کے افراد کو اپنی جماعت میں سے نکال دیں کیونکہ وہ وعدہ پورا نہیں کر رہے۔ان دو چیزوں میں سے ایک کے اختیار کئے بغیر ہمارا گزارہ نہیں چل سکتا۔مثلاً اسی سولہویں سال کے وعدے قریباً دو لاکھ اسی ہزار کے تھے۔اعلان دسمبر کے قریب ہوتا ہے۔دسمبر سے اگست تک نو مہینے ہوئے اور اب ستمبر کا مہینہ بھی نصف گزر چکا ہے۔گویا بارہ میں سے ساڑھے نو مہینے گزر چکے ہیں اور سال کے پورا ہونے میں صرف اڑھائی مہینے باقی رہ گئے ہیں۔لیکن جماعت کی غفلت کی یہ حالت ہے کہ دولاکھ اسی ہزار کے وعدوں میں سے صرف ایک لاکھ بیس ہزار وصول ہوا ہے۔گویا ساڑھے نو مہینہ میں چالیس فیصدی رقم وصول ہوئی ہے۔اس کا یہ مطلب ہے کہ ایک سال کا چندہ اڑھائی سال میں جا کر وصول ہو۔اُدھر یہ حالت ہے کہ بیرونی جماعتیں اور بیرونی ممالک اصرار ہے کے ساتھ نئے مبلغ مانگ رہے ہیں اور لوگوں میں سلسلہ کی طرف اس قسم کی توجہ پیدا ہورہی ہے کہ معلوم ہوتا ہے اللہ تعالیٰ جلد ہی اس آواز کو جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ذریعہ بلند ہوئی ہے پوری قوت کے ساتھ دوسرے ممالک میں پھیلانے والا ہے۔سال بھر سے امریکہ کی طرف سے مطالبہ ہے کہ امریکہ جو ہندوستان سے رقبہ میں بہت بڑا ہے اس میں اور مبلغ بھجوائے جائیں۔اس کے صرف جنوب مشرق میں کچھ مشن ہیں لیکن شمال مغرب، وسط امریکہ، جنوب مغرب اور شمال مشرق کے علاقے بالکل خالی ہیں اور وہاں کے لوگوں میں جن کے پاس ہمارا لٹریچر پہنچتا ہے یہ احساس پیدا ہو رہا ہے کہ جماعت کے مشن ہمارے ملکوں میں بھی کھولے جائیں۔لیکن جبکہ ہم ان مبلغوں کو بھی خرچ نہ بھجوا سکیں جو اس وقت باہر کام کر رہے ہیں تو یہ ظاہر بات ہے کہ ہم نئے مشن نہیں کھول سکتے۔بلکہ چالیس فیصدی چندہ کی وصولی کے یہ معنے ہیں کہ ہمیں اپنے ساٹھ فیصدی مشن بند کر دینے چاہئیں۔یعنی بجائے اس کے کہ امریکہ میں ہم پانچ سات اور مشن کھول دیں جیسا کہ اُن کا اصرار ہے کہ مرکز کو چھ سات نئے مشن اس ملک میں فوری طور پر کھول دینے چاہئیں ہمیں چاہیے کہ امریکہ کے چار مشغوں میں سے کم سے کم دو بند کر دیں۔