خطبات محمود (جلد 29) — Page 266
$1948 266 خطبات محمود جماعت کے پاس روپیہ کم ہو جائے گا، جماعت کے اخراجات کیسے چلیں گے؟ ایسے لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ہم مال کے ذریعہ دنیا کے مقابلہ میں جیت نہیں سکتے۔امریکہ کا ایک مالدار ہماری جماعت کی تمام جائیدادیں خرید سکتا ہے اور پھر بھی اُس کے خزانے میں روپیہ رہتا ہے۔امریکہ کے بعض مالداروں کے پاس ہماری ساری جماعت سے زیادہ روپیہ ہے۔بعض کے پاس تو ہیں میں ارب روپیہ ہے اور اتنا روپیه هماری ساری جماعت کے پاس نہیں۔ان میں ایسے لوگ سینکڑوں کی تعداد میں پائے جاتے ہیں جن کے پاس اربوں روپیہ ہے۔وہ لوگ ڈالروں میں اس کا ذکر کرتے ہیں کہ فلاں کے پاس ہزار ملین ہیں، فلاں کے پاس دو ہزار ، فلاں کے پاس تین ، چار یا پانچ ہزار ملین ڈالر ہے اور یہ تین ارب روپیہ سے لے کر پندرہ ارب روپیہ تک ہو جاتا ہے۔ایسی قوم کا مقابلہ تم دولت سے کس طرح کر سکتے ہو۔پھر ہمارے پاس دنیاوی طاقت بھی نہیں۔پیشوں کو لے لو ، تجارت کو لے لو، تعلیم کو لے لو، صنعت و حرفت کو لے لو، کسی چیز میں بھی تو ہم غالب نہیں آسکتے۔پس اگر ہم دنیوی لحاظ سے دیکھیں تو سیدھی بات ہے کہ ہم دوسری قوموں پر غالب نہیں آسکتے۔اگر ہم غالب آ سکتے ہیں تو محض اس طرح سے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم کر کے اپنے آپ کو پاگل بنا دیں۔اگر ہم اپنے آپ کو پاگل بنا دیں تو ایک سال میں ہم وہ کام کرلیں جس سے دنیا کی کایا ہی پلٹ جائے۔میں نے جماعت کو کئی بار توجہ دلائی ہے کہ ہر احمدی سال میں کم از کم ایک احمدی بنائے اور میں نے حساب لگا کر بھی بتایا تھا کہ اس طرح ہم دس پندرہ سال میں کہیں کے کہیں پہنچ جائیں گے۔اگر ہر احمدی سال میں ایک ایک احمدی بنائے تو اس کے یہ معنے ہوں گے کہ ہم اس وقت ہندوستان میں تین لاکھ ہیں۔ایک سال کے بعد ہم چھ لاکھ ہو جائیں گے۔دو سال کے بعد بارہ لاکھ ہو جائیں گے، تین سال کے بعد چوبیس لاکھ ہو جائیں گے، چار سال کے بعد اڑتالیس لاکھ ہو جائیں گے، پانچ سال کے بعد چھیانوے لاکھ ہو جائیں گے، چھ سال کے بعد ایک کروڑ با نویں لاکھ ہو جائیں گے، سات سال کے بعد تین کروڑ چوراسی لاکھ ہو جائیں گے، آٹھ سال کے بعد سات کروڑ اڑسٹھ لاکھ ہو جائیں گے، نو سال کے بعد پندرہ کروڑ چھتیں لاکھ ہو جائیں گے، دس سال کے بعد تمیں کروڑ بہتر لاکھ ہو جائیں گے۔تو دیکھو اگر ہر ایک احمدی سال میں ایک ایک احمدی بنائے تو دس سال میں کتنا بڑا تغیر پیدا ہو جاتا ہے۔مگر سوال یہ ہے کہ ہم ایسا کرتے ہیں یا نہیں ؟ سال میں ایک احمدی بنانا کوئی مشکل چیز نہیں۔