خطبات محمود (جلد 29) — Page 183
$1948 183 خطبات محمود اپنی آمد نہیں ساڑھے سولہ سے 33 فیصدی تک وقف کر دی ہیں یا دس فیصدی تک انہوں نے وصیت کر دی ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ اگر یہ تحریک جاری رکھی جائے تو جماعت میں جس قسم کا ایمان پایا جاتا ہے اس کے لحاظ سے شاید ایک سال کے اندر اندر ہر احمدی موصی بن جائے اور اکثر احباب اپنی آمد نہیں ساڑھے سولہ سے 33 فیصدی تک وقف کر دیں۔بعض دوست جنہوں نے اپنی آمد کا اس سے زیادہ حصہ دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے مثلاً وہ چالیس فیصدی دیتے ہیں یا پچاس فیصدی دیتے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے وعدوں پر قائم رہنا چاہتے ہیں۔سو اگر وہ زیادہ چندہ دینا چاہتے ہیں تو بے شک دیں یہ امران کی مرضی پر منحصر ہے مگر قانون کے لحاظ سے اُن کو اس امر کی اجازت حاصل ہے کہ جب بھی ان میں سے کسی کو تکلیف محسوس ہو وہ اپنے چندہ کو پچاس فیصدی سے 33 فیصدی تک گرا دے یا 33 فیصدی تک وعدہ کرنے والا اس چندہ کی آخری حد یعنی ساڑھے سولہ فیصدی تک اپنے چندہ کو گرا دے۔حالات کے مطابق دوستوں کا اپنے چندہ دینے کی نسبت کو بدل دینا بالکل جائز ہے۔اسی طرح حالات کے بدلنے کی وجہ سے جو بڑھا سکے اُسے بڑھا بھی دینا چاہیے۔پس اگر کسی کو زیادہ چندہ دینے سے تکلیف پہنچ رہی ہو تو اُسے گھبراہٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔وہ دفتر کو صرف اطلاع دے دے کہ پہلے میں 33 فیصدی چندہ دیا کرتا تھا اب 25 فیصدی یا نہیں فیصدی یا ساڑھے سولہ فیصدی دوں گا۔اسی طرح اگر آج کسی نے ڈرتے ڈرتے ساڑھے سولہ فیصدی آمد دینے کا وعدہ کیا ہے مگر کل اُس کے حالات اچھے ہو جاتے ہیں یا اُس کا ایمان بڑھ جاتا ہے تو ساڑھے سولہ سے 33 فیصدی تک اپنے چندہ کو بڑھا سکتا ہے۔ان دو حدوں کے درمیان چکر کھانا ہر شخص کی مرضی پر رکھا گیا ہے اور چونکہ اسے مرضی پر رکھا گیا ہے اس لیے دوستوں کو یا درکھنا چاہیے کہ وہ یہ خیال نہ کریں کہ و ہ 33 فیصدی سے 25 فیصدی نہیں کر سکتے یا25 فیصدی سے ہیں فیصدی نہیں کر سکتے یا بیس فیصدی سے ساڑھے سولہ فیصدی نہیں کر سکتے یا ساڑھے سولہ فیصدی سے 33 فیصدی نہیں کر سکتے ، حالات کے مطابق وہ اپنے وعدوں کو اوپر نیچے کر سکتے ہیں۔وعدہ خلافی یا کسی قسم کی بدعہدی کا اس میں کوئی سوال نہیں۔اگر وہ اپنے وعدہ کو حالات کی مجبوری کی وجہ سے 33 فیصدی سے ساڑھے سولہ فیصدی تک گرا دیتے ہیں تو نہ یہ بد عہدی ہوگی اور نہ وعدہ خلافی ہوگی۔قانون ہی ایسا لچکدار رکھا گیا ہے کہ انسان ضرورت کے مطابق اپنے چندہ کو اوپر نیچے کر سکتا ہے۔ہاں قبل از وقت اطلاع دینا ضروری ہے تا قانون شکنی نہ ہو۔