خطبات محمود (جلد 29)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 414 of 477

خطبات محمود (جلد 29) — Page 414

$1948 414 38 خطبات محمود اپنے مقام قربانی کو بڑھانے کی کوشش کرو (فرمودہ 3 دسمبر 1948ء بمقام لاہور ) تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: اس ہفتہ میں بھی مجھے کھانسی اور حرارت کی تکلیف رہی ہے جس کی وجہ سے میں زیادہ نہیں بول سکتا۔اس لیے بجائے کسی نئے مضمون کو بیان کرنے کے میں آج پھر تحریک جدید کے وعدوں کی طرف جماعت کو توجہ دلاتا ہوں۔اس طرح ایک مالی ذمہ داری کے متعلق جس کے متعلق افسوس ہے کہ جماعت اس کی اہمیت کے مطابق اس کی طرف توجہ نہیں کر رہی آج کچھ کہنا چاہتا ہوں۔اللہ تعالیٰ جس کا چاہتا ہے دل کھول دیتا ہے اور جس کا چاہتا ہے دل بند کر دیتا ہے لیکن بجائے اس کے کہ اگر کسی کا دل بند ہو جائے تو اس کے اندر گھبراہٹ پیدا ہو اور اسے صدمہ ہو کہ وہ بیمار ہو گیا ہے وہ دل کے بند ہونے کی حالت کو اپنی طبعی حالت سمجھ لیتا ہے۔جسم میں بیماری پیدا ہوتی ہے تو آپ میں سے اکثر لوگ محسوس کرتے ہیں کہ ان کی صحت خراب ہو رہی ہے۔وہ اپنے جسم کو تندرست رکھنے کے لیے اور اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے دوائیوں اور معالجوں پر روپیہ خرچ کرتے ہیں لیکن وہی لوگ جب انہیں اپنی روحانی طاقت خراب اور کم ہوتی نظر آتی ہے تو اپنی حالت پر خوش ہو جاتے ہیں اور سمجھ لیتے ہیں کہ ان کی وہ حالت طبعی حالت ہے۔یہی وجہ ہے کہ دنیا میں بیماری اور خرابی بڑھ رہی ہے۔