خطبات محمود (جلد 28) — Page 447
خطبات محمود 447 سال 1947ء بیشک تعلیم ضروری ہے لیکن اگر تعلیم میری قسمت میں ہوئی تو مجھے مل جائے گی۔اب جس شخص کا یہ عقیدہ ہو گا باوجود اس کے کہ وہ تعلیم حاصل کرنا ضروری سمجھتا ہو گا پوری جد و جہد حصول تعلیم کے لئے نہیں کرے گا۔کیونکہ اُس کی عقل اور فکر نے جتنی تعلیم کی ضرورت بتائی تھی اُسے اُس کے دوسرے عقیدہ نے کمزور کر دیا۔یا مثلاً ایک اور شخص یہ سمجھتا ہے کہ زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے تعلیم ضروری ہے مگر وہ یہ بھی سمجھتا ہے کہ میرے باپ کی جائیداد کافی ہے۔اگر میں نہ پڑھوں تب بھی میں بھوکا نہیں مروں گا۔ایسے شخص کی جد و جہد بھی یقیناً کمزور ہوگی۔کیونکہ وہ سمجھے گا کہ جو فائدہ تعلیم سے حاصل ہونا ہے وہ بغیر اس کے بھی مجھے حاصل ہو سکتا ہے۔یا ایک شخص مثلاً ویسے ہی خیالات رکھتا ہے جیسے گزشتہ زمانہ میں کالجوں کے لڑکوں کے خیالات ہوا کرتے تھے۔اُن کا طریق تھا کہ وہ ملک میں شورش پیدا کرنے کے لئے سٹرائیکیں کیا کرتے تھے۔وہ جانتے تھے کہ سٹرائکوں سے اُن کی تعلیم نامکمل رہ جائے گی۔مگر اس کے ساتھ ہی اُن کا یہ بھی خیال تھا کہ چونکہ کالج انگریزی تعلیم دلواتے ہیں اور ہماری جدو جہد سے یہ تعلیم ختم ہو جائے گی۔اس لئے اس تعلیم کا نہ ملنا ہمارے مستقبل پر کوئی اثر نہیں ڈال سکتا۔یا جس آنے والی گورنمنٹ کے لئے ہم قربانیاں نی کر رہے ہیں جب وہ برسر اقتدار آئے گی تو ہماری قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے گی اور بغیر ڈگریوں کے ہی ہمارے ساتھ وہ سلوک کرے گی جو ڈگری والوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔جیسے پچھلے دنوں ہمارے ملک میں طلباء نے مظاہرے کئے اور کہا کہ ہمیں مفت ڈگریاں دی جائیں کیونکہ ہم قومی خدمت کرتے رہے ہیں۔اب جہاں تک علم کا سوال ہے یہ ایک بیوقوفی کا مطالبہ تھا کیونکہ اگر ڈگری کے معنی محض بی۔اے یا ایم۔اے کے دو لفظ ہیں۔تو یہ ڈگری ایک جاہل کو بھی دی جاسکتی ہے۔ایسے شخص کو بھی جا سکتی ہے جو ایک لفظ بھی پڑھا ہوا نہ ہو۔اور اگر ڈگری کے معنی یہ ہیں کہ خاص علم حاصل کرنے کے بعد کسی کو ڈگری دی جائے تو چاہے کسی کو قومی خدمت کی وجہ سے وہ معیار علم حاصل نہ ہوا ہو چاہے سستی یا غفلت کی وجہ سے حاصل نہ ہوا ہو۔بات ایک ہی ہوگی۔کیا کوئی شخص اس امر کو جائز سمجھ سکتا ہے کہ جو شخص قوم کے لئے زخمی ہو جائے اُسے ہسپتال والے کہہ دیں کہ تمہیں علاج کی ضرورت نہیں تم آپ ہی اچھے ہو جاؤ گے؟ یا یہ کہیں کہ تم تندرست ہی ہو زخمی کس طرح ہو سکتے ہو؟ تم تو قوم کی خاطر لڑے تھے؟ یا اگر کوئی شخص دین کے