خطبات محمود (جلد 28)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 180 of 477

خطبات محمود (جلد 28) — Page 180

خطبات محمود 180 سال 1947ء پھر قادیان کی جماعت کو اور گورداسپور کی جماعتوں کو اور بیرون جات کی تمام جماعتوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ وقت بہت تھوڑا رہ گیا ہے۔ایسا نہ ہو کہ وہ اس عظیم الشان ثواب سے محروم رہ جائیں۔میں سمجھتا ہوں کہ یہ تحریک بھی ہمارے سلسلہ کی اور تحریکوں کی طرح اپنے اندر خدا تعالیٰ کی بہت بڑی حکمتیں رکھتی ہے۔اور اس کی خوبیاں صرف اس کی ذات تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ ایک بنیاد ہے آئندہ بہت بڑے اور عظیم الشان کاموں کو سرانجام دینے کی۔اور میں دیکھ رہا ہوں کہ یہ کوئی اتفاقی تحریک نہیں بلکہ اس تحریک کے ذریعے ہماری جماعت کی ترقی اور سلسلہ کے مفاد کے لئے بعض نہایت ہی عظیم الشان کاموں کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔گو اب تک لوگ اس تحریک کی اہمیت کو نہیں سمجھے لیکن دو چار سال تک اس کے کئی عظیم الشان فوائد جماعت کے سامنے آنے شروع ہو جائیں گے۔جیسے تحریک جدید کو جب شروع کیا گیا تھا تو اُس وقت اُس تحریک کی خوبیاں نی جماعت کی نگاہ سے مخفی تھیں مگر اب نظر آ رہا ہے کہ اس تحریک کے ذریعے دنیا بھر میں تبلیغ اسلام کا کام نہایت وسیع پیمانہ پر جاری ہے اور سینکڑوں لوگ اسلام کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر رہے ہیں۔یہ تحریک جدید کا ہی نتیجہ ہے کہ ایک انگریز نو مسلم جنہوں نے اپنی زندگی دین کی خدمت کے لئے وقف کی ہوئی ہے دین کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے قادیان آئے ہیں۔پھر یہ تحریک جدید کا ہی نتیجہ ہے کہ اسی ہفتہ غیر ممالک سے دو اور افراد کے متعلق یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ وہ بھی تعلیم حاصل کرنے کے لئے قادیان آنا چاہتے ہیں۔ایک اطلاع تو ایک جرمن نو مسلم کے متعلق ہے۔وہ چاہتے ہیں کہ وہ قادیان میں تعلیم حاصل کریں اور پھر اپنے ملک میں تبلیغ کریں۔دوسرے اسی ہفتہ میں امریکہ سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ایک امریکن ٹو مسلم نے بھی اپنے آپ کو اسلام کی خدمت کے لئے پیش کیا ہے۔اور کہا ہے کہ میں قادیان جا کر دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں۔دیکھو! یہ کتنی عظیم الشان تحریک ہے کہ غیر ممالک کے نو مسلم بھی یہاں آکر دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔اور جب یہ لوگ یہاں سے دینی تعلیم حاصل کر کے واپس اپنے ملک میں جائیں گے تو اُن کے لئے اپنے ملک کے لوگوں کو سمجھانا آسان ہوگا۔غرض اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و رحم سے جتنے کام مجھ سے لئے ہیں ان تمام کاموں کے متعلق میں دیکھتا ہوں کہ در حقیقت وہ بنیاد ہوتے ہیں بعض آئندہ عظیم الشان کاموں کی۔اسی طرح یہ