خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 365 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 365

*1946 365 خطبات محمود ہر کس و ناکس کو حاصل ہیں جو پہلے لوگوں کے خواب و خیال میں بھی نہ تھیں اور ان چیزوں کے استعمال کا عادی ہو جانے کی وجہ سے ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں آسکتا کہ پہلے لوگوں کا گزارہ کس طرح ہوتا ہو گا۔آج ہر انسان ان چیزوں کے متعلق یہ خیال کرتا ہے کہ یہ میرا پیدائشی حق ہے اور میرا اس کے بغیر گزارہ نہیں چل سکتا۔یہ چیز بتاتی ہے کہ کس طرح انسان نئے نئے خیالات کی وجہ سے نئی نئی چیزوں کا عادی ہو جاتا ہے اور اس میں یہ حس پیدا ہو جاتی ہے کہ ان چیزوں کے بغیر اس کا گزارہ نہیں اور یہ بات اس کی سمجھ میں نہیں آتی کہ پہلے لوگوں کا گزارہ ان کے بغیر کس طرح ہوتا تھا۔مگر کتنے لوگ ہیں جو اس بات کو محسوس کرتے ہیں کہ یہ چیزیں اللہ تعالیٰ کے فضلوں میں سے خاص فضل ہیں اور ان کے عوض ہمیں بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے ہمارے لئے یہ سامان پیدا کئے۔اور جب وہ بند ہو جاتی ہیں تو کتنی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔جب ریلیں بند ہوئی تھیں تو ملک میں ایک شور برپا ہو گیا تھا اور اب ڈاک بند ہوئی ہے تو بھی ملک میں ایک شور برپا ہو گیا ہے۔ڈاک تمام جگہوں میں بند نہیں ہوئی لیکن چونکہ بڑے بڑے شہروں میں ڈاک بند ہے اور بیر و نجات کی ڈاک بھی بندر گاہوں میں آکر اُترتی ہے اور وہاں سٹر اٹک ہے اس لئے بیرونی دنیا سے ایک لحاظ سے تعلق منقطع ہو گیا ہے اور اس سے تجارت اور صنعت و حرفت کو بہت نقصان ہو رہا ہے۔پس ڈاک کے رُکنے سے لوگوں کو بہت تکلیف محسوس ہوئی ہے کیونکہ کئی دفعہ ایسے حالات ہوتے ہیں جن میں ایک دوسرے کی اطلاع کا حاصل کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔بعض مائیں ایسی ہوں گی جو اپنے بچوں کی اطلاع کے لئے تڑپ رہی ہوں گی۔ان کا بچہ کسی جگہ بیمار ہو گا اور وہ اس کی خیریت کی خبر حاصل کرنے کے لئے بے تاب ہوں گی۔بعض مائیں ایسی ہوں گی کہ ان کے بچے مر چکے ہوں گے لیکن اطلاع نہ ملنے کی وجہ سے ان کو زندہ سمجھتی ہوں گی اور سجدوں میں رو رو کر خدا سے ان کی صحت کے لئے دعا کرتی ہوں گی حالانکہ ان کے بچے دفن ہو چکے ہوں گے اور ان کا صحت پانے کا زمانہ گزر چکا ہو گا اور خدا کا قانون ان پر نافذ ہو چکا ہو گا۔لیکن وہ اپنے بچوں کے لئے صحت کی دعائیں کر رہی ہوں گی۔یہ حالات کتنے تکلیف دہ ہیں۔اگر بنی نوع اس تکلیف سے سبق حاصل کرنے کی کوشش کریں تو وہ اس سے سبق حاصل کر سکتے ہیں کہ ایک چیز جس کے بغیر ہمارے