خطبات محمود (جلد 27) — Page 597
*1946 597 42 خطبات محمود --_--_--_--_--_-_-_-_-_-_-_-_-------------- دعوت الی اللہ کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے بتائے ہوئے طریقوں کو استعمال کرو ) فرموده 15نومبر 1946ء) تشہد، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔” میں نے پچھلے سے پچھلے خطبہ جمعہ میں بیان کیا تھا کہ صرف تبلیغ ہی احمدیت کی جان ہے اور یہ کہ ہماری جماعت کے مبلغین کو تبلیغ کے اُن طریقوں پر عمل کرنا چاہئے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السلام نے بیان فرمائے ہیں۔مگر میں دیکھتا ہوں کہ اس میں سستی ہوتی جارہی ہے اور جو طریق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ذریعے خدا تعالیٰ نے ہمیں عطا فرمائے تھے ان کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتابوں کو پڑھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ زور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا وفات مسیح کے مسئلہ پر ہوتا تھا۔آپ کی کوئی کتاب اٹھا کر دیکھ لو کہیں نہ کہیں چکر کھا کر اس میں وفات مسیح کا مسئلہ ضرور آئے گا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السلام کے ذریعہ خدا تعالیٰ نے ہمیں ہر قوم میں تبلیغ کرنے کے لئے کچھ گر بتائے ہیں اور وہ ہر قوم کے لئے الگ الگ ہیں۔اور اگر موقع اور محل کے مناسب اُن کو استعمال کیا جائے تو ہم ہر قوم میں تبلیغ کر کے بڑی آسانی سے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ان میں سے مسلمانوں کے اندر تبلیغ کرنے کے لئے سب سے بڑا گر یہی ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی حیات کے مسئلہ کو باطل ثابت کیا جائے۔