خطبات محمود (جلد 27) — Page 32
*1946 32 (3) خطبات محمود قادیان کے الیکشن میں مردوں نے عورتوں کے مقابلہ میں آدھا کام بھی نہیں کیا ) فرمودہ 8 فروری1946ء) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔" آج میں ایک ایسے امر کے متعلق جو بظاہر دنیوی معلوم ہوتا ہے کچھ کہنا چاہتا ہوں۔دوستوں کو معلوم ہے کہ آجکل پنجاب اسمبلی کے الیکشن شروع ہیں اور بعض احمدی دوست بھی بطور امیدوار کھڑے ہوئے ہیں۔جن جن حالات میں اور جس جس پارٹی کے متعلق ہم نے مناسب سمجھا اس کی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔بعض جگہ ہم نے مسلم لیگ کی مدد کی ہے اور بعض جگہ یونینسٹ (Unionist) پارٹی کی مدد کی۔اس وقت مناسب نہیں کہ ان حالات کا مفصل طور پر ذکر کیا جائے کیونکہ اگر اس وقت تفصیل کے ساتھ ان باتوں کا ذکر کیا جائے تو ان پارٹیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔الیکشن کے بعد جس وقت نقصان کا اندیشہ نہ رہے گا اس وقت ان حالات کو تفصیل کے ساتھ انشاء اللہ بیان کیا جائے گا۔اگر اب ان حالات کو بیان کیا جائے تو بہت سے اختلافات پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔کشمیر ایجی ٹیشن کے وقت ہم نے جو خدمات کیں ان کا ریکارڈ موجود ہے لیکن بعد میں انہی لوگوں میں سے جو ہم سے امداد اور مشورہ لیتے تھے اور ایک حد تک اس پر عمل بھی کرتے تھے۔بعض ایسے بدل گئے کہ انہوں نے اپنے علاقوں میں یہ بحث شروع کر دی کہ احمدیوں کو کشمیر کی انجمنوں میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔