خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 146 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 146

*1946 146 خطبات محمود سے ہی کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔پہلے مسلمان سچائی کا پابند ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں غالب آئے تھے اور ہر حکومت ان کی ناراضگی سے ڈرتی تھی لیکن آج مسلمان دنیا بھر میں غلام ہیں۔ہندو، سکھ ، عیسائی، پارسی سب کے بوٹ ان کے سر پر ہیں۔یہاں سندھ میں اکثریت مسلمانوں کی ہے لیکن حکومت ہندوؤں کی ہے۔صوبہ سرحد میں اکثریت مسلمانوں کی ہے لیکن غلبہ ہندوؤں کا ہے۔پنجاب میں اکثریت مسلمانوں کی ہے مگر حکومت ہندوؤں کی ہے۔آج مسلمان جھوٹے اور ڈرپوک ہیں۔پہلے مسلمانوں میں بہادری تھی۔وہ سچ اور راستبازی اور دیانتداری کے لئے اپنی جان دے دیتے تھے لیکن ان چیزوں کو ہاتھ سے نہ جانے دیتے تھے۔جب کوئی مسلمان کہتا تھا کہ میں مر جاؤں گا تو لوگوں کو یقین ہو جاتا تھا کہ یہ واقع میں مر جائے گا۔اس لئے لوگ اس کے رستہ سے ہٹ جاتے تھے اور اس کا رستہ چھوڑ دیتے تھے۔آج ہزاروں بلکہ لاکھوں مسلمان کہتے ہیں کہ ہم مر جائیں گے لیکن ان کی یہ آواز کوئی نتیجہ پیدا نہیں کرتی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔پس سچ سے ہی کامیابی ہے اور سچ سے ہی انسان کا رُعب قائم رہتا ہے۔اگر ہمارے افسروں اور ماتحتوں میں ہمارے مزارعوں اور کاشت کاروں میں سچائی کی وہ روح نہیں جو ہم قائم کرنا چاہتے ہیں تو میں انہیں بتا دیتا ہوں کہ ان کو ابھی حقیقی ایمان نصیب نہیں۔انسان دنیا کو دھوکا دے سکتا ہے مگر خدا کو دھوکا نہیں دے سکتا۔پس میں آج کے خطبہ میں تمام کارکنوں کو اس طرف توجہ دلاتا ہوں کہ ان میں اس قسم کی کمزوریاں نہیں ہونی چاہئیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ لوگوں کو ان سے بچنے کی توفیق دے۔آمین اس کے بعد میں بچوں کی تعلیم کے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ہمارے یہاں تعلیمی حالت اچھی نہیں ہے۔اس سے پہلے بعض اسٹیسٹوں کے لئے استاد ہی نہیں ملتے تھے اس لئے بچوں کی تعلیم کا وہاں انتظام نہیں ہو سکا۔لیکن اب ہم انتظام کر رہے ہیں۔اور جس جگہ استاد موجود ہیں وہاں دوستوں کو یہ خیال رکھنا چاہئے کہ ان کے بچے پڑھنے کے لئے جاتے ہیں یا نہیں؟ مجھے افسوس ہے کہ زمیندار لوگ بچوں کی پڑھائی کا پورے طور پر خیال نہیں رکھتے۔بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنا ان پر بہت بڑا ظلم ہے بلکہ اپنے ہاتھ سے قتل کرنے کے مترادف۔ہے۔