خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 520 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 520

*1946 520 خطبات محمود جو تھوڑے بہت احمدی پائے جاتے ہیں ان سب کو اگر ملا لیا جائے تو ہمارا پندرہ ہزار آدمی ان علاقوں میں ہو گا۔ساڑھے سات کروڑ کی آبادی میں پندرہ ہزار کی نسبت کچھ بھی چیز نہیں۔لیکن اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ ہماری جد و جہد ابھی معمولی ہے یہ تعداد بھی بہت خوشکن اور امید افزا ہے۔در حقیقت ساڑھے سات کروڑ آدمی جو ہزار ہا جزائر میں پھیلے ہوئے ہیں اُن کے لئے مبلغ بھی ہزاروں چاہئیں۔بلکہ ہزاروں کا بھی سوال نہیں ہمیں ان جزائر میں تبلیغ کرنے کے لئے لاکھوں مبلغین کی ضرورت ہے اور لاکھوں مبلغوں کے بعد ہم عظیم الشان نتائج کی امید کر سکتے ہیں۔لیکن ہماری حالت یہ ہے کہ اس وقت تک ہماری طرف سے وہاں صرف چھ سات مبلغ گئے ہیں اور چھ سات مبلغوں کی کوشش سے اتنی بڑی تعداد کا شامل ہو جانا کوئی معمولی بات نہیں۔اس دور انقلابی میں جو وہاں پیدا ہوا کہ پہلے سماٹرا اور جاوا پر جاپان نے قبضہ کر لیا۔پھر انڈو نیشین کی خود مختار حکومت قائم ہوئی۔پھر انگریزوں نے ڈچ کو داخل کرنے کی کوشش کی اور اب وہاں ری پبلکن حکومت قائم ہے۔بہت سے ابتلا بھی ہماری جماعت پر آئے اور جاپانی قبضہ کے زمانہ میں احمدیوں کے ساتھ سختی بھی کی گئی۔پہلے تو اس طرف توجہ نہیں کی گئی تھی لیکن آہستہ آہستہ جب جاپانیوں کا ڈر دور ہوا اور اُن کے پاس شکایتیں پہنچنے لگیں تو احمدیوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی۔لیکن جب وہ اپنے ارادوں کو جماعت احمدیہ کے خلاف پوری مضبوطی سے قائم کر چکے تو یکدم اللہ تعالیٰ نے ان کی حکومت کو تباہ کر دیا اور انڈو نیشیا میں ری پبلکن حکومت قائم ہو گئی۔اِس ری پبلکن حکومت کے زمانہ میں اور اس سے پہلے زمانہ میں بھی جب کہ افراد محض انفرادی طور پر اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشش کرتے تھے ہماری جماعت نے ری پبلکن تحریک کا ساتھ دیا تھا اور ملک کی آزادی کے لئے اس نے ہر رنگ میں کوشش کی تھی۔اسی لئے جاپانی حکومت کے جانے کے بعد جب ری پبلکن حکومت قائم ہوئی تو عام طور پر ہماری جماعت کے ساتھ اچھا سلوک کیا گیا۔افسروں کا رویہ ہماری جماعت کے ساتھ بہت بہتر رہا اور اُنہوں نے ہم سے اپنے تعلقات قائم رکھے۔یہی وجہ ہے کہ جاوا میں اب بھی ہمارے مبلغین کام کر رہے ہیں۔گو انہیں آہستگی سے کام کرنا پڑتا ہے لیکن بہر حال اُن کے کام میں کوئی خاص روک نہیں پائی جاتی۔اور جیسا کہ ان کے خطوط سے