خطبات محمود (جلد 26) — Page 204
$1945 204 خطبات محمود جائے گی ؟ اور دس پندرہ یا بیس سال کے اندر نئی اولاد کا ملنا مشکل ہو جائے گا کہ نہیں ؟ اسی طرح سوچ لو کہ اگر نیک اور محنتی نسل پیدا کرنے کی خواہش مٹ جائے تو پندرہ بیس سال تک مذہب تباہ ہو جائے گا۔کیونکہ جب نیک نسل پیدا کرنے کی خواہش نہ ہو گی تو وہ تدابیر بھی اختیار نہیں کی جائیں گی جن سے آئندہ نسل نیک، متقی، دیندار اور محنتی ہو۔جس طرح محض اولاد پیدا کرنے کے لئے لوگ دعائیں کرتے اور دعائیں کراتے ہیں اور وہمی لوگ تو ٹونے ٹوٹکے کرتے ہیں، قبروں پر جاتے ہیں، چڑھاوے چڑھاتے ہیں۔اسی طرح ایک مذہبی انسان کے لئے ضروری ہے کہ اس کے اندر اچھی نسل پیدا کرنے کی خواہش ہو۔اور وہ اس خواہش کو پورا کرنے کے لئے ایسے ذرائع استعمال کرے جن سے اولاد نیک، متقی، دیندار اور محنتی ہو۔میں نے بارہا جماعت کو توجہ دلائی ہے کہ اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ سلسلہ اچھے نام کے ساتھ اور حقیقی معنوں میں قائم رہے تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسل کو ایک متقی اور محنتی بنائیں۔آج دنیا میں مسلمان کہلانے والے بھی موجود ہیں، عیسائی کہلانے والے بھی موجود ہیں، ہندو کہلانے والے بھی موجود ہیں۔آخر یہ سب مذاہب شیطان کی طرف سے تو نہیں تھے۔خدا تعالیٰ کی طرف سے ہی تھے۔اللہ تعالیٰ نے ہی کرشن کو بھیجا تھا اللہ تعالیٰ نے ہی رامچندر کو بھیجا تھا، اللہ تعالیٰ نے ہی حضرت مسیح کو بھیجا تھا۔یہ نہیں کہ چونکہ ان کو نَعُوذُ باللہ شیطان نے بھیجا تھا اس لئے ان کی قومیں شیطان کے قبضہ میں چلی گئیں۔بلکہ جس خدا نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھیجا اُسی خدا نے آپ کے آقا محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھیجا۔اُسی خدا نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے حضرت عیسی کو بھیجا۔اُسی خدا نے حضرت موسیٰ کو بھیجا۔اُسی خدا نے حضرت کرشن کو بھیجا اور اُسی خدا نے حضرت رام چندر کو بھیجا تھا۔اور جن معجزات اور جن کرامات کے ساتھ خدا تعالیٰ نے ہماری جماعت کو قائم کیا ان سے بڑھ کر معجزات اور کرامات کے ساتھ خدا تعالیٰ نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جماعت کو قائم کیا۔اور گو ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ جو معجزات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ملے تھے سوائے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جو آپ سے بہر حال بلند مرتبت تھے اور کسی نبی کو ایسے معجزات نہیں ملے۔مگر بہر حال خدا کی قدرتوں سے ہی عیسی کی جماعت قائم ہوئی۔خدا