خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 4 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 4

خطبات محمود $1945 اور یہ بات ظاہر ہے کہ اتنا بڑا کام سوائے اس کے نہیں ہو سکتا کہ وسیع پیمانہ پر تبلیغ کی جائے۔اور پھر یہ بھی ظاہر ہے کہ وسیع پیمانہ پر تبلیغ مبلغوں کے بغیر نہیں ہو سکتی۔اور پھر یہ بات بھی ظاہر ہے کہ جو لوگ نئے جماعت میں شامل ہوں گے اُن کو دین سکھانے والوں کی بھی ضرورت ہے۔یہ تو ہو نہیں سکتا کہ رات کو فرشتے آسمان سے اتریں اور ان کو دین سکھا جائیں۔یہ کام آدمی ہی کر سکتے ہیں اور آدمیوں نے ہی کرنا ہے۔پس جہاں تبلیغ کے لئے آدمیوں کی ضرورت ہے وہاں نئے داخل ہونے والوں کو دین سکھانے کے لئے بھی آدمیوں کی ضرورت ہے۔کوئی شخص پورے طور پر کسی مذہب کو سیکھ کر اسے اختیار نہیں کیا کرتا۔ہر وہ شخص جو مسلمان ہوتا ہے یا عیسائیت یا یہودیت کو اختیار کرتا ہے وہ ان مذاہب کو پوری طرح سیکھ کر نہیں کرتا۔دیگ میں سے چاولوں کے چند دانے ہی دیکھے جاتے ہیں اور پھر قیاس کر لیا جاتا ہے کہ تمام چاول پک چکے ہیں۔اسی طرح کسی مذہب کو اختیار کرنے والا بھی اس کی پوری جزئیات سمجھ کر اختیار نہیں کرتا۔جو لوگ حضرت نوح علیہ السلام پر ایمان لائے، جو حضرت ابراہیم علیہ السلام پر ایمان لائے ، جو حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ایمان لائے، جو حضرت عیسی علیہ السلام پر ایمان لائے یا جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لائے وہ ان کی تعلیمات کی پوری پوری جزئیات اور تفاصیل کو سمجھ کر ایمان نہ لائے تھے بلکہ بعض اصولی باتوں کو دیکھ کر لائے تھے۔انہی باتوں کو دیکھ کر انہوں نے یہ فیصلہ کر لیا کہ یہ دین سچا ہے۔جس طرح دیگ میں سے چند دانے دیکھ کر یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ دیگ پک چکی ہے یا نہیں اسی طرح انہوں نے چند اصولی باتوں کو دیکھ کر ان مذاہب کا سچا ہونا تسلیم کر لیا اور ایمان لے آئے۔سو فیصدی تسلی کر کے اگر ہر کام کیا جائے تو کوئی کام ہو ہی نہیں سکتا۔جو شخص دیگ کے تمام چاول انگلی کے نیچے دبا کر دیکھنا چاہے وہ مہمانوں کو اُسی دن کھانا نہ کھلا سکے گا بلکہ ایک ماہ بعد کھلا سکے گا۔اور اتنے عرصہ تک چاول کھانے کے قابل رہ بھی نہیں سکتے سڑ جائیں گے۔پس جو شخص سو فیصدی تسلی کرنا چاہے کہ ہر چاول پک گیا ہے وہ کبھی مہمانوں کی دعوت نہیں کر سکتا۔جو شخص ہر بوٹی کو توڑ کر دیکھے اور ہر آلو کو انگلیوں میں دبا کر دیکھے کہ وہ اچھی طرح پک گیا ہے وہ بھی مہمانوں کو کھانا نہیں کھلا سکتا بلکہ ایسا سالن کھانے سے مہمان کراہت کریں گے