خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 403 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 403

خطبات محمود 403 $1945 سکندرآباد کے تاجر جبر نہیں کر سکتے۔تو جس قدر جبر اور تحکم کا پہلو ہے وہ مرکز ہی کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ ایک اور چیز کی طرف بھی میں نے توجہ دلائی تھی اور اب اُس کا موقع ہے۔ہمارے جنگ میں قریباً سولہ ہزار احمدی گئے ہیں جو واپس آئیں گے جن کا چندہ تقریباً ایک لاکھ روپیہ ہے۔جہاں تک میرا خیال ہے پانچ چھ ہزار کے قریب ایسے ہیں جنہیں فوج میں رکھ لیا جائے گا۔پانچ چھ ہزار ایسے ہیں جو واپس آکر زمیندارہ کام میں لگ جائیں گے۔ان کے گھر میں کھانے پینے کو ہو گاوہ پسند نہیں کریں گے کہ اور کام کریں۔ان کے باپ انہیں کہیں گے کہ پانچ چھ سال نوکری کر لی اور کافی کمالیا جتنا قرضہ تھا اُتر گیا تمہاری ماں تمہارے لئے گھر میں اداس بیٹھی ہے تم اب یہیں رہو ، ہل کو پکڑو اور میرے ساتھ کام میں شامل ہو جاؤ۔پانچ چھ ہزار اس طرح لگ جائیں گے۔باقی پانچ چھ ہزار ایسے ہوں گے جن کے لئے گزارے کی کوئی صورت نہیں ہو گی۔وہ تعلیم یافتہ تو ہوں گے لیکن گورنمنٹ کے دفاتر میں ان کو کوئی جگہ نہیں ملے گی۔زمیندار ہوں گے لیکن ان کی زمینداریاں اتنی چھوٹی ہوں گی کہ اگر وہ گھر میں آگئے تو بجائے آرام کا موجب بننے کے دوسرے بہن بھائیوں اور والدین کے لئے تکلیف کا موجب بنیں گے۔بھائی کہیں گے کہ پہلے ہمیں اگر آدھی روٹی مل جاتی تھی تو اب اس کے آجانے کی وجہ سے ایک پاؤ ملا کرے گی۔کھانے کے لئے گھر میں آ گیا ہے کوئی کام تلاش نہیں کرتا۔اس کا گھر میں آنا محبت کا موجب نہیں ہو گا۔اُس کے گھر آنے پر وہ ظاہراً اُسے خوش آمدید کہیں گے اور تپاک سے ملیں گے لیکن دل میں کہیں گے مرا بھی نہیں وہاں۔یہ حالت ان کی ہو گی۔ایسے لوگوں کی شرافت کا تقاضا ہے کہ وہ اپنے لئے اور کام تلاش کریں بجائے اِس کے کہ روں میں آکر بیٹھ جائیں۔اور اس موقع سے فائدہ اٹھائیں جو ان کے لئے خدا تعالیٰ نے پیدا کیا ہے۔وہ بجائے گھر میں بھوکا مرنے کے اُس میدان میں مریں جہاں دین کی بھی خدمت ہوتی چلی جائے اور ان کی اپنے مستقبل کے متعلق بھی امید بڑھتی چلی جائے۔کوئی مستقبل ایسا نہیں جو سو فیصدی کامیاب ہو۔ہر جگہ کامیابی کی امید پچاس فیصدی سمجھی جاتی ہے۔بعض لوگ ایسے ہیں جو دو فیصدی کی امید پر اپنی جانیں دے دیتے ہیں۔پچاس فیصدی امید تو بہت بڑی چیز ہے۔ہماری تنظیم کے ماتحت میں یہ سمجھتا ہوں کہ دین اسلام اور احمدیت کی اشاعت کے لئے