خطبات محمود (جلد 24)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 122 of 323

خطبات محمود (جلد 24) — Page 122

$1943 122 خطبات محمود تین روٹیاں اور ایک روٹی کے نو حصے خود کھائے اور دسواں حصہ غرباء کے لئے چھوڑ دے۔میں سمجھتا ہوں اگر جماعت کا ہر فرد اس تحریک میں حصہ لے تو وہ بغیر کسی قسم کی دقت اور بغیر قربانی کے احساس کے اپنے غلے کا چالیسواں حصہ غرباء کے لئے نکال سکتا ہے۔اسی طرح باہر کی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ جہاں تک ہو سکے اپنے اپنے مقام پر اپنے شہر کے غرباء کا خیال رکھیں اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کا انتظام کریں۔جہاں تک مجھے اطلاعات ملتی ہیں اُن کے لحاظ سے گزشتہ سال صرف سیالکوٹ کی جماعت نے ایسا انتظام کیا تھا اور وہاں کے امراء نے زائد غلہ خرید لیا تھا تا کہ وقت پر غرباء کے پاس فروخت کر سکیں۔مجھے معلوم نہیں انہوں نے بعد میں ایسا کیا یا نہیں مگر شروع میں میرے پاس یہ رپورٹ پہنچی تھی کہ انہوں نے ایسا انتظام کیا ہے۔پس باہر بھی جہاں کہیں یہ انتظام ہو سکتا ہو وہاں کی جماعت کو یہ انتظام کرنا چاہیئے مگر قادیان کی جماعت بہر حال سب سے مقدم ہے کیونکہ قادیان جماعت کا مرکز ہے اور اس میں جو خرابی پیدا ہو وہ دنیا کو نمایاں طور پر نظر آجاتی ہے۔پس قادیان کے غرباء کا باقی تمام شہروں سے زیادہ حق ہے کیونکہ یہ ایک ہی شہر ہے جس میں ہماری اکثریت ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم یہاں کے غرباء کو کوئی تکلیف نہ ہونے دیں تاکہ ہم کہہ سکیں کہ کم سے کم قادیان میں ہر شخص کو روٹی مل رہی ہے۔جب باقی دنیا میں ہمارا غلبہ ہو گا تو پھر ساری دنیا کے متعلق ہم پر یہ فرض عائد ہو جائے گا کہ ہم سب غرباء کا خیال رکھیں اور کسی شخص کو بھوکا نہ رہنے دیں مگر جب تک ایسا نہیں ہوتا ہمیں کم از کم یہ نمونہ تو دکھانا چاہیے کہ قادیان جہاں ہماری جماعت کی اکثریت ہے وہاں ہر شخص کو روٹی مل رہی ہو اور کوئی شخص بھوکا نہ رہے۔پھر جوں جوں جماعت وسیع ہو گی اس نظام کو بھی اِنْشَاءَ اللہ وسیع کرنا پڑے گا۔پس ہر شخص جو اپنے خاندان کے لئے غلہ جمع کرتا ہے اس کا فرض ہے کہ وہ غلے کا چالیسواں حصہ قادیان کے غرباء کے لئے وقف کر دے۔قادیان کے ارد گرد جس قدر جماعتیں ہیں ان کا بھی اور باہر والوں کا بھی فرض ہے کہ جس نرخ پر وہ غلہ اکٹھا کریں اس کا چالیسواں حصہ نکال کر قادیان بھیج دیں۔میں اس بات پر زور دیتا ہوں کہ دوستوں کو اپنے جمع شدہ غلے کا ہی چالیسواں حصہ دینا چاہیے یہ نہیں ہونا چاہیئے کہ وہ الگ غلہ خرید کر اس مد میں بھجوا دیں۔