خطبات محمود (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 567 of 589

خطبات محمود (جلد 23) — Page 567

* 1942 567 خطبات محمود کہا کہ تم بھی جا کر حج کر آؤ تا ہم بھی بورڈ پر حاجی کا لفظ لکھ سکیں اور اس طرح یہ مصیبت ٹلے۔تو اللہ تعالیٰ کی یہ سنت ہے کہ جب کسی مقدس مقام کی طرف کوئی انسان جاتا ہے اور اس کے دل میں خوفِ خدا ہوتا ہے تو وہ اس کے دل میں اور بھی زیادہ تقویٰ پیدا کر کے اسے واپس بھیجتا ہے اور جو اخلاص کے ساتھ حج کے لئے جاتا ہے وہ ایمانوں کے ڈھیر لے کر واپس آتا ہے لیکن جو بغیر اخلاص کے جاتا ہے۔وہ کبھی پہلا ایمان لے کر بھی واپس نہیں آتا۔یہی حال دوسرے مقدس مقامات کا علیٰ قدر مراتب ہے۔پس جو دوست جلسہ سالانہ پر آتے ہیں وہ اگر تقویٰ طہارت اور دل میں خوف خدا لے کر آئیں تو جس ایمان کے ساتھ آتے ہیں۔اسی کے ساتھ واپس نہ جائیں گے بلکہ ان کے ایمانوں میں بہت اضافہ ہو گا۔میں نے خود حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے سنا ہے اور کئی بار سنا ہے۔حضور فرمایا کرتے تھے کہ خدا تعالیٰ کے بزرگوں کے پاس جا کر ایمان کو سلامت لانا بڑی بھاری بات ہے۔ہم تو اسی کو پکا احمدی سمجھتے ہیں جو قادیان میں آئے یہاں رہ کر جائے اور پھر پکا اور مخلص احمدی رہے۔پس جو لوگ جلسہ پر آتے ہیں میں ان کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ وہ اخلاص کے ساتھ آئیں۔یہاں آکر نمازوں اور دعاؤں کی طرف بہت زیادہ توجہ کریں ورنہ خطرہ ہے کہ وہ پہلا ایمان بھی نہ ضائع کر جائیں۔جو شخص یہاں آکر اپنے وقت کو بہتر رنگ میں صرف نہیں کر سکتا اس کے لئے بہتر یہی ہے کہ یہاں نہ آئے۔اس کے بعد میں قادیان کے دوستوں کو یہ بات کہنی چاہتا ہوں کہ وہ آنے والے مہمانوں کی خدمت کے لئے خصوصیت سے اپنے نام پیش کریں میں نے افسوس کے ساتھ اخبار میں یہ اعلان پڑھا ہے کہ اس سال یہاں مکان نہیں مل سکتے۔کیا یہاں کے مکان گر گئے ہیں۔مکان نہ مل سکنے کی دو ہی وجوہ ہو سکتی ہیں یا تو مکان گر گئے ہوں اور یا ایمان گر گئے ہوں۔میں تو اخبار میں یہ اعلان پڑھ کر پسینہ پسینہ ہو گیا اور میں نے خیال کیا کہ کیا مکان گر گئے یا ایمان گر گئے۔مکان تو بہر حال نہیں گرے۔دوسری صورت یہی ہے کہ ایمان گر گئے ہوں مگر کون احمدی ہے جو یہ سننا برداشت کر سکے کہ یہاں خدا تعالیٰ کے مہمان آنے والے ہیں اور ان کے لئے مکان نہیں مل سکے۔یہاں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ مکان موجود ہیں۔پھر اگر