خطبات محمود (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 425 of 589

خطبات محمود (جلد 23) — Page 425

$1942 425 خطبات محمود اور نہیں تو جھڑک ہی چھوڑ لیکن بولا تو کر۔شاعر کی تو محض لفاظی ہوتی ہے لیکن حقیقی عاشق کے دل کی کیفیت بالکل یہی ہوتی ہے اور یہی چیز تعلق باللہ کے لئے بہت ضروری ہے۔بندے کے لئے ضروری ہے کہ خدا تعالیٰ سے مانگتا جائے اور مانگتا جائے، کسی دن بھی مانگنا چھوڑ دینا نقص کی بات ہے اور گھبرا کر یہ خیال کر لینا کہ خدا تعالی سنتا نہیں بے وقوفی کی بات ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے دعا کے اس پہلو کے متعلق بعض باتیں لکھی ہیں۔جن سے بعض نادان دھوکا کھا جاتے ہیں مگر لوگ ان کو سمجھتے نہیں۔حقیقت یہی ہے کہ گھبر انا بیوقوفی کی بات ہے۔کیا تم نے کبھی بچہ کو نہیں دیکھا؟ اسے ماں سے سچی محبت ہوتی ہے۔اگر تم غور کرو تو دس میں سے پانچ بار یہی دیکھو گے کہ بچہ ماں سے مانگتا اور ضد کرتا ہے کہ میں نے مٹھائی لینی ہے یا فلاں چیز لینی ہے اور جب وہ اسے دے دیتی ہے تو اس کھلونے کو پھینک دیتا ہے یا اس مٹھائی کو چکھ کر چھوڑ دیتا ہے۔اسے کھلونے یا مٹھائی کا اتنا شوق نہیں ہو تا بلکہ اصل خواہش یہ ہوتی ہے کہ ماں سے مانگوں اور اس کی محبت آزماؤں۔یہ عشق کی کیفیت جب تک نماز، روزہ اور دوسری عبادات میں پیدا نہ ہو جو شخص اس للہیت سے زکوۃ نہیں دیتا، چندہ یا صدقہ ادا نہیں کرتا وہ حقیقی فائدہ نہیں اٹھا سکتا اور جب یہ کیفیت پیدا ہو جائے تو ظاہری علامات اس کی نظر سے غائب ہو کر باطنی کیفیت شروع ہو جاتی ہے۔جب وہ باطنی آنکھوں سے سجدہ کرتا ہے تو وہ بھول جاتا ہے کہ ظاہر میں وہ سجدہ کر رہا ہے۔اس کی ساری نماز ایک مسلسل پکار اور چیخنا و چلانا ہو تا ہے۔خدا تعالیٰ کے دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر وہ بے شک کھڑا بھی ہوتا ہے، رکوع اور سجدہ میں بھی جاتا ہے اور اٹھتا بھی ہے مگر ان کی طرف رہنمائی اس کی بچپن کی عادت کر رہی ہوتی ہے ورنہ دراصل وہ یہ سمجھ رہا ہوتا ہے کہ اس کا معشوق اس کے سامنے ہے اور وہ اس کے ساتھ محبت کا اظہار کر رہا ہے۔یہ چیز جب پیدا ہو جائے تو انسان کو تقویٰ کا مقام حاصل ہو جاتا ہے اور اس کے اندر نیکی پیدا ہو جاتی ہے اور وہ بدی سے بچ جاتا ہے۔جب کبھی اس کے دل میں کوئی حرص یا لالچ پیدا ہوتا ہے تو یہی عشق اور للہیت آڑے آتی اور اس کے ہاتھ کو روک کر کہتی ہے کہ خدا تعالیٰ کے عرش کو پکڑنے والے ہاتھ اس لالچ میں ملوث نہ ہونے چاہئیں۔پس یہ دن دعائیں کرنے اور برکات حاصل کرنے کے ہیں اس لئے خوب دعائیں کرو