خطبات محمود (جلد 23) — Page 589
* 1942 589 خطبات محمود کٹورا بھر کر بادشاہ کو پلا دیتا ہے اور بادشاہ ایسا خوش ہوتا ہے کہ اسے انعام میں بڑی بڑی جاگیریں دے دیتا ہے حالانکہ اس سے پہلے کئی لوگ بڑے بڑے تحفے پیش کر چکے ہوتے ہیں اور انہیں کچھ نہیں ملتا۔تو کئی مواقع ایسے ہوتے ہیں جب تھوڑا سا کام بھی بہت بڑی مقبولیت حاصل کر لیتا ہے۔یہ زمانہ بھی ایسا ہی ہے۔اللہ تعالیٰ کی برکات کے حصول کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے مگر آج اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو دینے کے لئے بیٹھا ہوا ہے۔وہ کہتا ہے مانگو کہ میں تمہیں دوں۔ایسے وقت میں جبکہ خدا تعالیٰ دینے پر تیار بیٹھا ہو وہ شخص بڑا ہی بد قسمت ہو گا جو یہ کہے کہ میں لینے کے لئے تیار نہیں۔پس ہمیں چاہئے کہ ہم ان دنوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ سے ہر وقت دعائیں کریں۔اپنے لئے بھی اور اسلام کی ترقی اور عظمت کے لئے بھی کہ خدا تعالیٰ ہمارے گھروں کو اپنی نعمتوں سے بھرے اور اسلام اور احمدیت کے گھر کو بھی اپنے فضلوں سے بھر دے۔وہ اسلام اور احمدیت کو سچے دیندار بخشے جو خلوص کے ساتھ اس کی خدمت کرنے والے ہوں اور ہمیں سچے دیندار دل عطا فرمائے جو دین کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار رہیں۔اللہ تعالی اسلام کو تو یقیناً ترقی عطا فرمائے گا ہماری دعا صرف یہ ہے کہ اسلام کے تخت پر جو موتی جڑے جائیں ان میں سے ایک ہم بھی ہوں اور ہماری اولادیں بھی ہوں۔“ (الفضل24 جنوری 1943ء) 1: در ثمین اردو صفحه 56 :2 در ثمین فارسی صفحه 112۔مطبوعہ نظارت اشاعت ربوہ