خطبات محمود (جلد 23) — Page 464
464 $1942 (35) خطبات محمود شعائر اللہ اور قومی شعائر کی حفاظت کے لئے تمہیں ہر وقت تیار رہنا چاہئے فرموده 23 اکتوبر 1942ء) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔”دنیا میں دو قسم کی زبانیں بولی جاتی ہیں اور وہ دونوں زبانیں اپنی جگہ پر بہت بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ان میں سے ایک زبان تو لفظی ہوتی ہے اور ایک زبان تمثیلی ہوتی ہے۔اپنی اپنی جگہ پر ان دونوں کو اہمیت حاصل ہے اور در حقیقت ان دونوں زبانوں کے بغیر کوئی کام چل ہی نہیں سکتا۔لفظی زبان کے متعلق تو سب ہی جانتے ہیں کہ اس کے بغیر گزارہ ممکن نہیں ہوتا، کوئی عربی میں کلام کرتا ہے، کوئی فارسی میں کلام کرتا ہے، کوئی اردو میں کلام کرتا ہے، کوئی انگریزی میں کلام کرتا ہے، کوئی جرمن میں کلام کرتا ہے اور کوئی فرانسیسی زبان میں کلام کرتا ہے اور اس طرح تمام لوگ اپنے اپنے مافی الضمیر کو الفاظ میں ادا کرتے ہیں مگر باوجود اس لفظی زبان کے ہر زبان کے آدمی تمثیلی زبان کے بھی محتاج ہوتے ہیں۔کبھی یہ تمثیلی زبان اخفاء کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔جیسے دو آدمی باتیں کر رہے ہوتے ہیں اور ایک تیسرا آدمی ان دو میں سے ایک کے ساتھ کوئی ایسی بات کرنا چاہتا ہے جو وہ دوسروں سے چھپانا چاہتا ہے تو وہ اسے کسی اشارے سے اپنے مافی الضمیر سے اطلاع دے دیتا ہے مثلاً اگر ان دو میں سے ایک شخص یہ پسند نہیں کرتا کہ جس کام کے لئے اسے بلایا جا رہا ہے اس کا کسی اور کو بھی علم ہو تو دوسرا آنے والا