خطبات محمود (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 342 of 589

خطبات محمود (جلد 23) — Page 342

342 $1942 (26) خطبات محمود مذہب ہر ایک سے قربانی چاہتا ہے خواہ کوئی بڑا ہو یا چھوٹا، غریب ہو یا امیر وو (فرمودہ 21 اگست 1942ء بمقام پالم پور ) تشہد، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔” پہاڑ بھی انسانی زندگی کے لئے ایک سبق رکھتے ہیں چنانچہ دیکھ لو ہمارا ارادہ گزشتہ جمعرات کو قادیان واپس جانے کا تھا لیکن راستہ پر پہاڑوں کے گر جانے کی وجہ سے ہم نہیں جا سکے اور زیادہ ٹھہر نا پڑا ہے۔یہ چیز ہمارے لئے یہ سبق رکھتی ہے کہ پہاڑ بے شک آرام کی جگہ ہیں اور ٹھنڈ کی جگہ ہیں۔انسان کو ان کے نظاروں سے فرحت حاصل ہوتی ہے اور سیر سے صحت حاصل کرتا ہے لیکن اس کے ساتھ ایک خطرہ بھی لگا ہوا ہے کہ انسان جب پہاڑوں پر جاتا ہے اور وہاں آرام پاتا ہے، ٹھنڈ حاصل کرتا ہے اور صحت وغیرہ حاصل کر کے واپس جانے لگتا ہے تو کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اس آرام کے پانے کے بعد وہ اپنے وطن جانے سے روک دیا جاتا ہے اور وہی پہاڑ جو اس کے لئے نعمت تھے اور آرام کا موجب تھے اس کے پیارے وطن کی طرف واپس جانے میں روک بن جاتے ہیں اور وہ اپنی مرضی سے واپس نہیں جاسکتا۔یہی حال انسان کا ہے کہ کبھی اسے اس کی خواہش کے مطابق دولت مل جاتی ہے یا ترقیات مل جاتی ہیں یا حکومت مل جاتی ہے یا علم مل جاتا ہے یار عب حاصل ہو جاتا ہے یا اور کسی رنگ میں خدا کا فضل نازل ہوتا ہے تو وہی چیز ایک جانب فضل کا موجب ہوتی ہے دوسری طرف