خطبات محمود (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 427 of 486

خطبات محمود (جلد 21) — Page 427

$1940 426 خطبات محمود مضر ہیں۔حکومت کرنے والے انگریز تو یہاں باہر سے آئے ہوئے ہیں۔اگر حالات بدل جائیں تو وہ تو بوریا بستر اٹھا کر یہاں سے چلے جائیں گے اور ملک میں جو طوائف الملو کی اور فسادات پھیلیں گے ان کا اثر زیادہ تر ہندوستان پر ہو گا۔بہر حال یہ شکوہ ہمارے دلوں میں پیدا ہونے کے بجائے حکام کے دلوں میں زیادہ پیدا ہونا چاہیئے اور میں حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ ہمیشہ وہی بات کہے جسے منوا سکے ورنہ نہ کہے۔اس طرح گو احکام کم دیئے جا سکیں گے مگر حکومت کی عزت ضرور قائم ہو جائے گی۔اس موقع پر بھی مثلاً حکام اگر ہم سے کہہ دیتے کہ ہم بے بس ہیں، سکھوں کا زور ہے تو اغلب ہے کہ ہم کہہ لیتے اچھا ان کو گزرنے دیا جائے اور اس طرح لوگوں پر برا اثر بھی نہ ہوتا اور حکومت کی عزت بھی رہ جاتی۔پھر حکام نے یہ جو دلیل دی کہ لوگ گلیوں سے گزرتے ہی ہیں اور اس سے کسی کو کیسے روکا جاسکتا ہے درست نہیں۔جلوس سارے ملک میں نکلتے ہیں اور ہر جگہ اس کے لئے رستے مقرر ہیں۔انفرادی طور پر لوگوں کا گزرنا اور بات ہے لیکن جلوسوں کا گزرنا اور ہے۔اور ہر جگہ جلوسوں کے لئے رستے مقرر ہوتے ہیں۔پھر یہ کیا بات ہے کہ سارے ملک میں تو جلوسوں کے متعلق اور قانون ہو اور قادیان میں اور۔ہم برابر دیکھ رہے ہیں کہ جب کوئی ایسا موقع ہوتا ہے تو حکام کہہ دیتے ہیں کہ باہر جو قانون استعمال ہوتا ہے وہ غلط ہے لیکن باہر والے کہتے ہیں کہ یہاں جو ہو تا ہے وہ غلط ہے۔اب کون سی عدالت ہے جس سے اس امر کا فیصلہ کرایا جا سکے کہ جس قانون پر باہر عمل ہوتا ہے وہ صحیح ہے یا جس پر یہاں ہوتا ہے۔یا تو ہر جگہ اور ہر قوم کو یہ اختیار ہونا چاہئے کہ وہ جس شہر میں اور جس رستہ سے چاہے اپنا جلوس گزار سکے اور یا پھر قادیان میں بھی رستہ مقرر ہونا چاہیئے۔کیا جلوس صرف قادیان میں ہی نکلتے ہیں؟ ہر شہر میں جلوس نکلتے ہیں۔امر تسر لاہور، دہلی، لکھنو، میرٹھ، الہ آباد، ہر جگہ نکلتے ہیں اور بیسیوں واقعات آئے دن ہوتے رہتے ہیں کہ کسی شہر میں ہندوؤں نے کسی رستہ سے جلوس گزارنا چاہا لیکن مسلمانوں نے نہ گزرنے دیا یا مسلمانوں نے گزرنا چاہا تو ہندوؤں نے نہ گزرنے دیا۔تو ہر جگہ جلوسوں کے رستے مقرر ہیں لیکن قادیان میں یہ جواب دیا جاتا ہے کہ گلیاں لوگوں کے گزرنے کے لئے ہی ہوتی ہیں اور ہم کسی کو کس طرح گزرنے سے روک سکتے ہیں۔انصاف کا تقاضا ہے کہ سب جگہ کے لئے ایک ہی