خطبات محمود (جلد 18) — Page 485
خطبات محمود ۴۸۵ سال ۱۹۳۷ء ہیں۔تمہیں لین دین کرتے وقت سوچنا چاہئے کہ لین دین کے متعلق شریعت کے کیا احکام ہیں۔تمہیں شادی بیاہ کے وقت یہ سوچنا چاہئے کہ اسلام اس بارے میں کیا ہدایات دیتا ہے۔غرض ہر حرکت اور ہر سکون کے وقت تمہیں یہ دیکھنا چاہئے کہ کیا تم کوئی ایسا کام تو نہیں کر رہے جو خلاف تقویٰ ہے۔کیونکہ تم اب وہ نہیں رہے جو پہلے تھے۔تمہاری عزت حضرت مسیح موعود کی عزت ہے اور مسیح موعود کی عزت خدا کی عزت ہے۔پس تمہارے اقوال میں، تمہارے افعال میں، تمہارے اخلاق میں، تمہارے اطوار میں، تمہارے سونے میں تمہارے جاگنے میں، تمہارے کھانے میں تمہارے پینے میں غرض ہر حرکت اور ہر سکون میں تمہیں دوسروں سے ممتاز ہونا چاہئے۔تب تم دیکھو گے کہ یہ دنیا تمہارے لئے جنت بن جائے گی۔آخر یہ دنیا چند قوانین کے ماتحت ہی جنت بن سکتی ہے۔اگر آپ ہی آپ جنت بن سکتی تو اللہ تعالیٰ کو شریعت بھیجنے اور انبیاء کا ایک لمبا سلسلہ قائم کرنے کی کیا ضرورت تھی۔پس جب تک ہم اپنے اقوال میں، اپنے افعال میں ، اپنے اطوار میں ایک عظیم الشان تغیر پیدا نہیں کرتے اس وقت تک ہم اس جنت کے پیدا کرنے میں ایک روک بنے ہوئے ہیں اور بالفاظ دیگر ہم چاہتے ہیں کہ وہ جنت پیدا نہ ہو۔حالانکہ خدا تعالیٰ مسیح موعود کے زمانہ کی نسبت فرماتا ہے کہ وَإِذَ الْجَنَّةُ ازْ لِفَتْ ۵ کہ خدا تعالیٰ اُس زمانہ میں جنت انسانوں کے قریب کر دے گا۔مگر افسوس کہ ہم میں سے ہی بعض اسے دور کر رہے ہیں۔کیونکہ ان کے اقوال اور ان کے افعال اور ان کی حرکات اور ان کی سکنات اس تعلیم کے مطابق نہیں جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے پیش کی۔لیکن اگر ہم اپنے اقوال اور اعمال میں تغیر پیدا کریں تو خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ جنت نزدیک کر دی جائے گی۔گویا ہماری مثال ایسی ہی ہے جیسے کرسیوں پر دو دوست آپس میں بیٹھے باتیں کر رہے ہوں اور نوکر چائے کی سینی لئے ان کے پاس کھڑا ہو مگر وہ اپنی باتوں میں ہی مشغول ہوں اور چائے کی سینی کی طرف آنکھ اُٹھا کر بھی نہ دیکھیں۔ہماری حالت بھی یہی ہے کہ ہم دنیا کی طرف متوجہ ہیں اور خدا اپنے ہاتھ میں جنت لئے ہمارے کولہوں کے پاس کھڑا ہے اور منتظر ہے کہ شاید پہلے انہوں نے توجہ نہیں کی تو اب کر لیں، شاید پہلے انہوں نے جنت نہیں لی تو اب لے لیں۔پس اس جنت کے حصول میں صرف اتنی ہی دیر ہے کہ ہم دنیا کی طرف سے اپنا منہ موڑیں اور خدا کی طرف اپنی توجہ کریں۔ورنہ وہ تو فرما چکا ہے کہ وَإِذَ الْجَنَّةُ ازْ لِفَتْ کہ جنت تمہارے قریب کر دی گئی ہے۔صرف تمہارے ہاتھ بڑھانے اور پکڑنے کی دیر ہے۔