خطبات محمود (جلد 16)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 66 of 869

خطبات محمود (جلد 16) — Page 66

خطبات محمود ۶۶ سال ۱۹۳۵ء نے احترام کیا اور اس بات کو بے ضرورت سمجھا کہ خدا تعالیٰ کے فرض کی ادائیگی کے وقت کسی انسان کی حفاظت کے لئے نماز پڑھنی چھوڑی جائے اور اس طرح مخلصین کے اخلاص پر اعتراض واقع ہوتا اور وہ اس قسم کی باتوں کے نتیجہ میں احمق قرار پاتے ہیں اس لئے میں نے ضروری سمجھا کہ کچھ بیان کر دوں۔پہلی چیز جو ہمارے سامنے ہے وہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا زمانہ ہے۔ابھی تک وہ لوگ زندہ ہیں جو با قاعدہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے گھر کا پہرہ دیا کرتے تھے ، سکول کے طالب علم ، مہمان اور قادیان کے باشندے ہمیشہ پہرہ دیتے رہے بلکہ کچھ عرصہ تک ماسر عبد الرحمن صاحب جالندھری کے سپر د بھی یہ ڈیوٹی رہی اور وہ سکول کے طالبعلموں کا پہرہ مقر رکرتے اور باریاں مقرر کرتے تھے اور یہ وہ لوگ تھے جو راتوں کو جاگ کر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مکان کا پہرہ دیا کرتے۔اس صورت میں اعتراض کرنے والے کے نزدیک حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے صحابہ کا یہ طریق عمل بھی اس کے اصول کے خلاف ہوگا اور اس کے نزدیک لوگوں کا پہرہ دینا یا تو خدائی حفاظت کے باوجود جس کا آپ کو وعدہ دیا گیا ایک عبث فعل ہو گا اور یا ان کے وقار کے خلاف ہو گا۔راتوں کو جاگنا اور پہرہ دینا جبکہ ایک شخص گھر میں بیٹھا ہوا ہو اور دروازے بند ہوں، اتنا ضروری نہیں ہوتا جتنا کہ انسان جب باہر نکلے تو اس کی حفاظت ضروری ہوتی ہے مگر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے زمانہ میں ایسا ہوتا رہا۔یہ شخص اگر اس وقت ہوتا تو یہی کہتا کہ پہرہ دینا تو میرے اصول کے خلاف ہے۔پھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام جب سفروں پر جاتے تو آپ کے ساتھ حفاظت کے لئے زائد سواریاں اور یکے ہوتے۔اگر آپ رتھ میں جاتے تو علاوہ ان لوگوں کے جو حفاظت کے لئے رتھ میں ہی آپ کے ساتھ بیٹھ جاتے ، دوتین رتھ یا پیکے کے ساتھ ساتھ بھاگتے چلے جاتے۔یہ شخص تو اگر اس وقت ہوتا اور اسے یکے کے ساتھ چلنے کو کہا جاتا تو شاید خودکشی کو ترجیح دیتا کہ اس قدر ہتک کی گئی ہے۔اسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کبھی گھر میں ہدیہ آئی ہوئی چیز بغیر دریافت کئے استعمال نہ کرتے بلکہ آپ پوچھ لیتے کہ یہ کہاں سے آئی ہے، کون دینے آیا تھا اور آیا وہ شخص جانا پہچانا ہے یا نہیں۔جب مخالفت زیادہ بڑھی اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو قتل کی دھمکیوں کے خطوط موصول ہونے شروع ہوئے تو کچھ عرصہ تک آپ نے سنکھیا کے مرکبات استعمال کئے تا کہ اگر خدانخواستہ آپ کو زہر دیا جائے تو جسم میں اس کے مقابلہ کی طاقت ہو ،اس شخص کے