خطبات محمود (جلد 12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 429 of 555

خطبات محمود (جلد 12) — Page 429

خطبات محمود ۴۲۹ ٹریبیون کی دروغگوئی سے جماعت احمد یہ کیا سبق حاصل کر سکتی ہے کانگریس سے ہمارا اختلاف قانون شکنی کی وجہ سے ہے (فرموده ۶ - جون ۱۹۳۰ ء ) د تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: شاید ہماری جماعت کے احباب قادیان کے بھی اور باہر کے بھی اس بات کی امید رکھتے ہوں گے کہ میں اُس خبر کے متعلق جو پچھلے دنوں میں ٹریبیون“ میں شائع ہوئی ہے اپنے خیالات کا اظہار کروں اور وہ تاثیر جو اس خبر نے ہمارے احباب کے دلوں میں پیدا کی ہے اور وہ جوش جو اس کے نتیجہ میں ان سے ظاہر ہوا ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے وہ اس امر کے مستحق ہیں کہ اس کے متعلق کچھ نہ کچھ توجہ کی جائے۔سب سے پہلے میں اپنے دوستوں کے اس خیال کو لیتا ہوں جس کا اظہار ان کی طرف سے متواتر ہوا ہے کہ اس اخبار کے خلاف جس نے یہ خبر شائع کی ہے قانونی کارروائی کی جائے۔لیکن میں اپنے دوستوں کو مطلع کرتا ہوں کہ اس خبر کے شائع ہونے کے دوسرے ہی روز میں نے ناظروں سے کہ دیا تھا کہ اسے لکھ دیں ہم اس کے متعلق کسی قسم کی کارروائی کرنا نہیں چاہتے۔در حقیقت ایسے فوجداری معاملات میں حکومت کی طرف رجوع کرنا ہمارے اصول کے بالکل خلاف ہے جن معاملات میں حکومت خود دست اندازی کرتی ہے اور کر سکتی ہے لیکن ہمیں مجبور کرتی ہے کہ اس کے متعلق رپورٹ کریں ان کے متعلق تو ہم رپورٹ کریں گے لیکن اگر ایسا نہ ہو تو خواہ ہم پر کتنا ظلم اور تعدی کیوں نہ کی جائے ہمارا رویہ یہی ہے کہ گورنمنٹ کو توجہ دلائی جائے اور اگر وہ کوئی کارروائی نہ کرنا چاہے تو ہم خود عدالت میں ہرگز نہ جائیں گے۔اصل بات یہ ہے کہ انبیا ء کا زمانہ یوم الدین ہوتا ہے اور قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ