خطبات محمود (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 151 of 576

خطبات محمود (جلد 11) — Page 151

خطبات محمود ۱۵۱ ۱۹ سال 1927ء مشکلات کو حل کرنے کے لئے دماغ سے کام لو فرموده: ۱۷ جون ۱۹۲۷ء) تشهد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: اللہ تعالیٰ نے انسان کو دنیا میں پیدا کر کے ایک مقصد مقرر فرمایا ہے۔اور اس مقصد کے حصول کے لئے انسان کو بہت سی طاقتیں عطا فرمائی ہیں۔ان میں سے کچھ طاقتیں تو ایسی ہیں جن کو انسان کبھی کبھار استعمال کرتا ہے۔اور کچھ ایسی ہیں جن کو انسان پہلی طاقتوں کی نسبت زیادہ استعمال کرتا ہے۔اور کچھ طاقتیں ایسی ہیں جنہیں انسان اکثر اوقات استعمال کرتا ہے۔اور کچھ طاقتیں ایسی ہیں جن کو انسان ہر وقت استعمال کرتا ہے۔جس طریق پر ان طاقتوں کا استعمال ہے۔وہی طریق ان کے مدارج کو ظاہر کرتا ہے۔وہ طاقتیں جو انسان کے اصل مقصد کے حصول کے لئے چنداں ضروری نہیں ان کا استعمال انسان بہت کم کرتا ہے۔اور جو ان کی نسبت زیادہ ضروری ہیں ان کا استعمال بھی ان کی نسبت زیادہ کرتا ہے۔اور جو ان سے بھی ضروری ہیں ان کا استعمال ان سے بھی جلدی کرتا ہے۔اور جو بہت ہی ضروری ہیں ان کا استعمال ہر وقت کرتا ہے۔مثلاً ہم دیکھتے ہیں کھانا پینا انسان کے لئے ضروری ہے۔اور اس کی خواہش انسان میں پیدا ہوتی ہیں۔جس کے لئے انسان معدہ کو استعمال کرتا ہے۔لیکن ہر وقت معدہ کو استعمال نہیں کیا جا سکتا دن رات میں دو تین چار دفعہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔اگر کوئی اس سے زیادہ کرے گا۔تو معدہ خراب ہو جائے گا۔پھر آنکھیں ہیں ان کا استعمال معدہ کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔جتنی دیر انسان جاگتا ہے ان کو استعمال کرتا رہتا ہے آنکھیں جھپکی جاتی ہیں لیکن اس قدر آنا فانا اور اتنی جلدی کہ دیکھنے میں کچھ فرق نہیں پڑتا۔ہم آنکھوں سے دیکھتے ہوئے آنکھیں جھپکتے جاتے ہیں۔اور معلوم یہی ہوتا ہے کہ دیکھ رہے ہیں۔کیونکہ نہایت قلیل عرصہ میں آنکھ جھپک جاتی ہے۔مگر سونے کے وقت آنکھ بھی اپنا کام چھوڑ دیتی ہے۔اس سے