خطبات محمود (جلد 11) — Page 78
خطبات محمود سال 1927ء ہم انشاء اللہ تعالیٰ ایسے واعظ وہاں بھیج دیں گے جو ان کے دانت کھٹے کر دیں گے۔پس تیسری بات جو مسلمانوں کو کرنی چاہئے وہ یہ ہے کہ وہ ہر ایسی جگہ پر جلسوں کا انتظام کریں اور صورت اجتماع پیدا کریں۔ہم بھی جہاں جہاں اسلام کے دشمنوں نے اسلام کے بر خلاف زہر پھیلایا ہو اپنے واعظ بھیج دیں گے۔تاکہ وہ اسلام کی عظمت اور اسلام کی شوکت کو لوگوں پر ظاہر کریں اور جو کچھ دشمنوں نے اسلام کے برخلاف کہا ہو اس کے متعلق ثابت کریں کہ وہ بالکل جھوٹ ہے۔اور صحیح اسلام لوگوں کو بتائیں اور اسلام کی بچی تعلیم سے ان کو آگاہ کریں۔پس مسلمان اگر ان تین باتوں کو سردست اختیار کریں۔تو بہت حد تک کامیابی ہو سکتی ہے۔اور بہت حد تک دشمن نیچا دیکھ سکتا ہے۔اس میں کچھ شبہ نہیں کہ ہماری کمزوری کو دیکھتے ہوئے ان کے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔اور ہمارے آپس کے اختلافات کی وجہ سے وہ اس یقین پر قائم ہیں کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن ہیں لیکن اس میں بھی کچھ شبہ نہیں کہ اگر ہم اسلام کی سچی تعلیم پر عمل کرنا شروع کر دیں۔اور ان حملوں کے دفاع کے لئے متحد و یک جان ہو جائیں تو اسلام کی عزت اور عظمت کو قائم کر سکتے ہیں۔دراصل اسلام کی عزت اور عظمت اور شوکت کا قائم کرنا اللہ تعالی ہی کا کام ہے۔لیکن اگر ہم باوجود اپنی کمزوریوں کے اس کے لئے کوشش کریں تو کامیابی کا سہرا مفت میں ہمارے سر بندھتا ہے اور خدا تعالٰی کے سامنے بھی سرخروئی ہوتی ہے۔پس میں پھر ایک بار اس بات کو دہراتا ہوں کہ اس نازک وقت میں دشمن کے مقابلہ اور اس کے حملوں کے دفاع کے واسطے ہمیں متحدہ طاقت سے کام کرنا چاہئے اور دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ ہمارے کاموں میں برکت ڈالے۔اور اسلام کے دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہماری زبان میں وہ اثر بخشے کہ سننے والے آپ ہی گرویدہ ہو جائیں۔ہمارے دلوں میں وہ نور بخشے کہ لوگوں کو آپ ہی آپ راہ ہدایت نظر آجائے۔اور ہمارے کاموں میں وہ برکت دے کہ آپ ہی آپ اسلام کا نام دنیا میں پھیلتا چلا جائے۔اور اعمال میں وہ برکت پیدا کرے کہ اس کی نعمتیں خود بخود حاصل ہوتی چلی جائیں۔میں یہ بھی دعا کرتا ہوں کہ وہ اپنے اس وعدہ کو بھی پورا فرمائے جس طرح کہ وہ ہمیشہ سے وعدوں کو پورا کرنے والا چلا آیا ہے۔کہ محمد رسول اللہ اللہ اور خاتم النبیین کے آخری ظہور کے وقت کہ جس کا نام مسیح موعود ہے اسلام کی اشاعت ہوگی اور ساری دنیا پر اسلام کو غالب کر دیا جائے گا۔آمین الفضل ۶ / مئی ۱۹۲۷ء)