خطبات محمود (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 484 of 576

خطبات محمود (جلد 11) — Page 484

خطبات محمود ۴۸۳ ۶۳ } نہرو رپورٹ کے خلاف جلسے کئے جائیں فرموده ۵/اکتوبر ۱۹۲۸ء) تشهد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: گو ہمارا سلسلہ ایک مذہبی سلسلہ ہے اور زیادہ تر ہمارے معاملات مذہب سے وابستہ ہیں اور مذہب کی اشاعت اور ترقی ہمارے سلسلہ کی بنیاد اور قیام کی اصل وجہ ہے لیکن بعض معاملات ایسے ہوتے ہیں کہ گو وہ دنیوی ہوتے ہیں لیکن ان کا اثر دین پر بھی پڑتا ہے اور ان کے درست طور پر وقوع پذیر ہونے کا نتیجہ دین کے لئے مفید اور غلط طور پر ہونے کا نتیجہ دین کے لئے مضر ہوتا ہے۔پس باوجود اس کے کہ کوئی قوم جو خالص طور پر دین کے لئے وقف ہو اسے اپنے کام کے ضمن میں اور اس کی رعایت کے لئے بعض دنیوی امور کی طرف بھی متوجہ ہونا پڑتا ہے۔اسلام دنیا میں رہتے ہوئے دنیا سے کلی طور پر انقطاع کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ دنیا کو بھی مذہب کی سیڑھی قرار دیتا ہے۔دنیا میں تین قسم کے مذہب پائے جاتے ہیں۔بعض تو ایسے ہیں جو کہتے ہیں یہ دنیا ہی دین ہے۔بعض دنیا کو دین سے بالکل ایک علیحدہ چیز قرار دیتے ہیں اور ان کا عقیدہ ہے کہ اگر کوئی شخص دنیا کی طرف متوجہ ہو تو اسے دین سے محروم رہنا پڑے گا۔مگر اسلام ان دونوں کا مخالف ہے وہ نہ تو دنیا کو دین قرار دیتا ہے اور نہ دنیا کو دین کے مخالف سمجھتا ہے بلکہ وہ یہ کہتا ہے کہ دنیوی زندگی دینی زندگی کے لئے بطور زینہ ہے۔دنیوی بهتری و درستی کا تعلق دین سے نہایت ہی گہرا ہے۔گو وہ دین نہیں جس طرح زینہ چھت نہیں مگر اس کے بغیر چھت پر پہنچنا بھی ناممکن ہے اسی طرح دنیوی زندگی دینی زندگی کے لئے بطور ایک زینہ کے ہے۔انسان کی اخلاقی حالت اس سے درست ہوتی ہے۔جس طرح روح کی نشود نما اور ترقی کے لئے جسم کی ضرورت ہوتی سال ۶۱۹۲۸