خطبات نور — Page 459
۱۸, فروری ۱۹۱۰ء 459 خطبہ جمعہ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :- انسان کو اپنے خالق و رازق و محسن سے محبت ہوتی ہے مگر محبت کا نشان بھی ہونا چاہئے۔اس لئے فرمایا ہے قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللهُ (ال عمران:۳۳) یعنی کہہ دے اگر تمہیں اپنے مولی سے محبت کا دعواے ہے تو اس کی پہچان یہ ہے کہ میری اتباع کرو۔پھر تم محب کیا اللہ کے محبوب بن جاؤ گے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اتباع کے لئے آپ کے کچھ حالات جو قبل از دعوی نبوت تھے اور ان کی محرم راز بی بی نے بیان کئے ہیں۔مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ بھی اپنے سید و مولی کی عادات کی پیروی کریں کیونکہ ان خصائل والا ذلیل نہیں ہوتا اور دنیا میں کون ہے جو عزت نہیں چاہتا۔ذلت کے کئی اسباب ہیں (۱)۔ایسی بد نما شکل ہو کہ لوگ حقارت سے دیکھیں (۲)۔محتاج ہو، سائل بن کر جانا پڑے (۳)۔اولاد پر کوئی صدمہ گزرے (۴)۔نگ و ناموس پر حملہ کیا جاوے۔غرض ایسی تمام ذلتوں سے بچنے کا یہی گر ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے حالات سے واضح ہوتا ہے۔