خطبات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 594 of 703

خطبات نور — Page 594

۱۸ اگست ۱۹۱۳ء 594۔خطبہ جمعہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ بقرہ رکوع دوم کی تلاوت کے بعد فرمایا۔ایک زمانہ ایسا بھی اسلام پر گذرا ہے جب علماء نے کہا کہ اب دو ہی قسم کے آدمی ہیں۔کافریا مومن۔منافق نہیں۔اب اس زمانے کا حال دیکھ کر تعجب آتا ہے کیونکہ اس میں منافق طبع بہت ہیں۔زبان سے تو کہتے ہیں کہ ہم مومن ہیں مگر مومن نہیں۔کیونکہ ان کے عقائد سے ان کے اعمال کی مطابقت نہیں۔عیسائیوں نے سوال کیا ہے کہ نجات کس طرح ہوتی ہے؟ اور میں نے جواب دیا ہے کہ نجات فضل سے ہے اور خدا کے اس فضل کو ایمان کھینچتا ہے۔اس واسطے یہ بھی صحیح ہے کہ نجات ایمان سے ہے۔پھر کہتے ہیں عمل کوئی چیز نہیں۔حالانکہ کون دنیا میں ایسا ہے کہ آگ کو آگ مان کر پھر اس میں ہاتھ ڈالے۔پانی کو پیاس بجھانے والا جان کر پھر پیاس لگنے پر اس سے پیاس نہ بجھائے۔ہم تو یہی دیکھتے ہیں کہ جب ایمان ہے پانی پیاس بجھاتا ہے تو پیاس لگنے کے وقت اس پانی سے پیاس ضرور بجھائی جاتی ہے۔پس کیا وجہ ہے کہ یہ ایمان ہو قرآن مجید خدا تعالیٰ کی کتاب ہے اور اعمال کی جزاء سزا ضروری ہے