خطبات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 411 of 703

خطبات نور — Page 411

۵ار اکتوبر ۱۹۰۹ء 411 خطبہ عید الفطر حضرت امیرالمومنین نے کلمہ شہادت کے بعد سورۃ فاتحہ پڑھی اور پھر فرمایا:۔قبل اس کے کہ میں تمہیں اس کی تفسیر سناؤں چند ضروری باتیں سنانا چاہتا ہوں۔وہ یہ کہ جنہوں نے روزہ رکھا ہے ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ صدقۃ الفطر دیں۔یہ حکم قرآن مجید میں ہے۔چنانچہ فرمایا۔وَعَلَى الَّذِينَ يُطِيقُونَهُ فِدْيَةٌ طَعَامُ مِسْكِين (البقرة :۱۸۵) اور جو لوگ اس فدیہ کی طاقت رکھتے ہیں وہ طعام مسکین دیں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تین رنگوں میں اس کی تفسیر فرمائی ہے۔اول یہ کہ انسان عید سے پہلے صدقۃ الفطر دے۔دوم جو روزہ نہ رکھے وہ بدلے میں طعام مسکین دے۔دائم المرض ہو یا بہت بوڑھا یا حاملہ یا مرضعہ ان سب کے لئے یہ حکم ہے۔سوم یہ کہ یہ الہی ضیافت کا دن ہے۔پس مومن کو چاہئے کہ کھانے میں توسیع کر دے اور غرباء کی خبر گیری کرے۔ہر قوم میں کوئی نہ کوئی دن ایسا ضرور ہوتا ہے جس میں عام طور سے خوشی منائی جاتی ہے۔بہت عمدہ لباس پہنا جاتا ہے اور عمدہ کھانا کھاتے ہیں۔چنانچہ حدیث میں بھی ہے لِكُلِّ قَوْمٍ عِیدُ فَهَذَا عِيْدُنَا (بخارى كتاب العيدين) ہر قوم کی ایک عید ہے ہماری بھی ایک عید ہو تو مناسب ہے۔