خطاباتِ شورٰی (جلد سوم۔ 1944ء تا 1961ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 314 of 760

خطاباتِ شورٰی (جلد سوم۔ 1944ء تا 1961ء) — Page 314

خطابات شوری جلد سوم ۳۱۴ مجلس مشاورت ۱۹۴۸ء یہاں تک کہ سب لوگوں کو تقسیم کر کے بھی زمین بچ سکتی ہے مگر اس میں بے انتہا غلطیاں اور کو تا ہیاں ہوئی ہیں جن کا خمیازہ نامعلوم پندرہ سال تک یا نہیں سال تک یا کتنے سالوں تک پاکستان کو بھگتنا پڑے گا پھر جن لوگوں کو بسایا گیا ہے اُن کے ساتھ معاملہ بھی ناتسلی بخش ہے نام انصاف رکھا جاتا ہے حقیقتا نا انصافی ہورہی ہے۔بعض غیر زمیندار تھے جنہیں زمینیں مل گئیں۔اور بعض جن کے پاس زمینیں کم تھیں اُن کے پاس زیادہ چلی گئیں جو ہوشیار تھے اور بغیر جائداد کے تھے انہیں جائدادیں مل گئیں اور جو ہوشیار نہیں تھے لیکن صاحب جائداد تھے وہ محروم رہ گئے۔اسی طرح دکانوں کے معاملہ میں بھی ہؤ ا د کا نہیں اور فیکٹریاں سکھ اور ہندو بہت چھوڑ گئے تھے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اُن کی جتنی صنعت و حرفت اس علاقہ میں تھی اُتنی صنعت وحرفت مسلمانوں کی مشرقی پنجاب میں ہر گز نہیں تھی ، امرتسر کو لاہور سے کوئی نسبت نہیں، جالندھر کو راولپنڈی سے کوئی نسبت نہیں، لدھیانہ کو لائل پور سے کوئی نسبت نہیں، انبالہ کو ملتان اور منٹگمری سے کوئی نسبت نہیں ، اسی طرح اور بہت سے ایسے شہر پائے جاتے ہیں۔جہاں ہندوؤں اور سکھوں کی بڑی بڑی فیکٹریاں اور دکانیں تھیں مگر اُن کے مقابلہ میں دوسرے علاقہ میں ایسی کوئی فیکٹریاں اور دکانیں نہیں۔اگر ان تمام فیکٹریوں اور دکانوں کو ملا یا جاوے تو مسلمانوں کی جس قدر تجارت تھی سکھ اور ہندو اس سے دس گنا تجارت چھوڑ کر گئے ہیں مگر حالت یہ ہے کہ مسلمان ابھی تک آوارہ پھر رہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ تقسیم صحیح طور پر نہیں ہوئی اور اس کے لئے جو اصول وضع کئے گئے وہ غلط تھے۔میں نے جلسہ سالانہ کے موقع پر بھی ہوشیار کیا تھا کہ اس ہنگامہ اور افراتفری کے وقت لوگ اصول کے فیصلہ میں لگ گئے ہیں جن کے لئے امن کا وقت درکار ہوتا ہے۔پچپن لاکھ انسان مشرقی پنجاب سے اُجڑ کر مغربی پنجاب میں آگیا ہے اور چالیس لاکھ ہند ومغربی پنجاب سے مشرقی پنجاب کی طرف چلا گیا ہے یہ حالت انتہائی گھبراہٹ پیدا کرنے والی اور دماغ کو پریشان کرنے والی تھی مگر بجائے اس کے کہ ان اُجڑ کر آنے والوں کے متعلق فیصلہ کیا جاتا لوگ ان بحثوں میں مشغول ہو گئے کہ ملک کی صنعت و حرفت کارخانہ داروں کے پاس ہوگی ، مزدوروں کے پاس ہوگی ، حکومت کے پاس ہوگی ، یا مشترک ہوگی۔اس سیال حالت میں جو کمیونسٹ تھا وہ اپنے کمیونسٹ خیالات پھیلانے میں مشغول ہو گیا۔جو سوشلسٹ تھا وہ اپنے سوشلسٹ خیالات پھیلانے میں مشغول ہو گیا اور ہر ایک نے اپنے اپنے عقائد پھیلانے