خطاباتِ شورٰی (جلد سوم۔ 1944ء تا 1961ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 229 of 760

خطاباتِ شورٰی (جلد سوم۔ 1944ء تا 1961ء) — Page 229

خطابات شوری جلد سوم ۲۲۹ مجلس مشاورت ۱۹۴۷ء کانٹوں پر چلے بغیر ہم منزل مقصود کو حاصل نہیں کر سکتے پس اگر ہم نے خدا اور اُس کے رسول کے مقرر کردہ معیار کے مطابق ترقی نہیں کی تو ہمیں کم سے کم یہ غور کرنا چاہیے کہ اگر خدا کے فیصلہ کے مطابق ہم نے ترقی نہیں کی تو کیا وہ ارادے جو ہمارے دلوں میں پیدا ہوئے تھے، کیا وہ اُمنگیں جو ہمارے قلوب میں اُس وقت موجزن ہوئی تھیں جب ہم جماعت احمدیہ میں داخل ہوئے تھے یا جماعت احمدیہ میں پیدا ہو کر جب ہم جوانی کو پہنچے تو جذبات کی تلاطم خیز موجوں نے ہمارے اندر جو تغیر پیدا کر دیا تھا جن کے نتیجہ میں ہم فضائے روحانی میں بلند پروازی کرنے لگ گئے تھے کیا اُن ارادوں اُن اُمنگوں اور اُن بلند پروازوں کے مطابق ہم نے ترقی کر لی ہے؟ اور اگر خدا کی اُمید کو ہم نے پورا نہیں کیا تو کیا ہم نے اپنے نفس کی اُن امیدوں کو پورا کر لیا ہے جو ہمارے دلوں میں پیدا ہوئی تھیں اگر اس سوال کا جواب اثبات میں ہو تو کم سے کم ہم اپنے نفس میں تسلی پاسکتے ہیں اور کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا نفس جس قدر بلند ہو ا تھا ہم اس حد تک جا پہنچے یا وہ منزل جو ہمارے دل نے مقرر کی تھی وہ منزل ہم نے طے کر لی۔لیکن اگر ایسا نہیں، اگر ہم نے نہ خدا کی اُمیدوں کو ابھی تک پورا کیا ہے نہ اپنی ذاتی بلند پروازیوں کی انتہا کو ہم پہنچے ہیں تو ہمیں غور کرنا چاہیے کہ ہم نے کیا کرنا تھا اور کیا کیا۔جہاں تک میں سمجھتا ہوں دنیا کی نگاہوں میں ہمارے کام بے شک عجیب ہیں مگر یہ کام ہمارے اُن ارادوں اور اُن امنگوں کے پاسنگ بھی نہیں جو ہمارے دلوں میں پیدا ہوئے تھے اور نہ یہ کام اُن خوابوں سے کوئی دور کی بھی نسبت رکھتے ہیں جو اس سلسلہ میں داخل ہوتے وقت ہم میں سے ہر شخص نے اپنی روحانی آنکھوں سے دیکھیں۔اسی طرح ہمارے یہ کام اُن ارادوں کے بھی پاسنگ نہیں جو اس سلسلہ میں پیدا ہونے کے بعد جوانی کے قریب پہنچ کر ہمارے قلوب میں موجزن ہوئے۔ابھی ہماری خوا ہیں تعبیر طلب ہیں۔ہمارے ارادے تشنہ تکمیل ہیں۔ہماری اُمنگیں گلدستۂ طاق نسیاں بنی ہوئی ہیں۔اور ابھی وہ جد و جہد متشکل نہیں ہوئی جس میں جدو جہد کا ارادہ کر کے ہم دنیا میں کھڑے ہوئے تھے اور جس عزم صمیم کا اِس سلسلہ میں داخل ہوتے وقت ہم نے اظہار کیا تھا یا کم سے کم ہم سمجھتے تھے