خطاباتِ ناصر (جلد اوّل۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 592
خطابات جلسہ سالانہ (۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۳ء) ۵۹۲ ۲۸ / دسمبر ۱۹۷۲ء۔اختتامی خطاب فیوض کے چشمے جاری کر دیتا ہے۔پس خدا کی دوسری بنیادی صفت رحمانیت ہے۔یعنی بغیر کسی عمل کے فیض پہنچانا اور نفع پہنچانا اور نعمتوں سے مالا مال کر دینا۔چونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم صفات باری کے مظہر اتم ہیں اس لئے آپ نے اپنی صفت رحمۃ للعالمین کی رُو سے سب اقوام اور قیامت تک کی نسلوں سے کہا مَا اسْتَلُكُمُ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ (الفرقان : ۵۸) میں تمہارے پاس جو ہدایت لایا ہوں اس پر میں تم سے کسی اجر کا مطالبہ نہیں کرتا۔میں تمہارے کسی عمل کے نتیجہ میں تمہیں یہ کامل شریعت نہیں دینا چاہتا بلکہ اس خداداد محبت کے نتیجہ میں دینا چاہتا ہوں جو میرے دل میں تمہارے لئے موجزن ہے۔پس اس سے ظاہر ہوا کہ آپ کے فیوض و برکات کا کوئی بدل اور اجر نہیں ہے اور آپ رحمانیت کے بھی مظہر اتم ہیں۔خدا کی تیسری صفت صفت رحیمیت ہے۔آپ صفت رحیمیت کے بھی مظہر اتم ہیں۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق فرمایا كَانَ بِالْمُؤْمِنِينَ رَحِيمًا (الاحزاب: ۴۴) یعنی مومنین کے لئے آپ کی ذات بحیثیت رحیم کے ہے۔مال کو ضائع ہونے سے بچانا۔نیکیوں کا اجر دینا، یہ صفت رحیمیت باری تعالیٰ میں اصل ہے۔اس کے مقابلہ میں فرمایا کہ محمد بھی تمام بنی نوع انسان کے لئے رحیم ہیں۔جو شخص خدا کی آواز پر لبیک کہتا ہوا ( خواہ وہ کسی زمانے یا کسی ملک یا کسی قوم کا فرد ہو ) حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدموں میں آجائے گا اور آپ کی اتباع کرے گا اور آپ کی ہدایت اور شریعت کا جوا اپنی گردن پر رکھے گا۔اس کا عمل ضائع نہیں ہو گا۔اس کا اُسے ثمرہ مل جائے گا۔یا کم از کم اس کے ثمرہ کا استحقاق ضرور پیدا ہو جائے گا۔چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔آپ کے صحابہ نے جو محنتیں اسلام کے لئے کیں اور ان خدمات میں جو تکالیف اٹھا ئیں وہ ضائع نہیں ہوئیں۔بلکہ اُن کا اجر دیا گیا۔“ (الحکم، اراگست ۱۹۰۳ء صفحه ۲۰) گویا آپ کی دعاؤں کے نتیجہ میں اور آپ کی قوت قدسیہ کے ذریعہ ثمرہ کا استحقاق پیدا ہو جائے گا۔خدا تعالیٰ کی چوتھی صفت مالک یوم الدین ہے اور یہ بھی اتم الصفات میں سے ہے۔اس کے متعلق بھی قرآن کریم نے دعویٰ کیا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مالکیت یوم الدین کے کامل اور اتم مظہر ہیں۔چنانچہ قرآن کریم کی کئی آیات میں اس کا ذکر ہے۔اس وقت میں ایک آیت