خطابات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 297 of 660

خطابات نور — Page 297

مالی مشکلات اور اعتراضات: اموال کے جمع ہونے پر بھی مشکلات پڑتے ہیں میں انجمن حمایت اسلام کو اچھا سمجھتا ہوں اور وہ غنیمت ہے مگر اس پربھی حملے ہوتے ہیں اور مالی جھگڑے پیدا ہوجاتے ہیں۔علی گڑھ میں ایک ہندو مال کھا گیا اور بڑے مشکلات پیدا ہوئے یہ کچھ ان ہی پر موقوف نہیں۔ہرایک انجمن میں ایسے مشکلات پیدا ہوتے ہیں مگر میں تمہیں نصیحت کرتا ہوں کہ تم اس دکھ میں نہ پڑنا اگر ہم تم سے شرارت کے ساتھ مال لیں گے تو ہمارے سزا دینے کے لئے تمہارا اللہ کافی ہے۔تم یہ کہو کہ مومن تھے کہ ہم نے دھوکا کھایا شکایت کی راہ ٹھیک نہیں اس سے پہلے ایسی قومیں گزری ہیں جنہوں نے اس راہ کو اختیار کرکے فائدہ نہیں اٹھایا۔اول عیسائی ہیں وہ اپنے مذہب کی کوئی خوبی نہیں بتاسکتے انہوں نے نبیوں پر معائب دہی کا دروازہ کھولا ہوا ہے کریں کیا؟ کفارہ کا مسئلہ بدوں اس کے چل سکتا ہی نہیں اور مذہب میں کوئی خوبی نہیں۔پھر ان کے شاگرد شیعہ ہیں وہ صحابہ کی بدیوں کے بیان کرنے پر لگے رہتے ہیں اور کوئی عیب کی بات ہو صحابہ پر لگادینے میں دلیر ہیں یہ تو وہ پرانی قومیں ہیں تیسری قوم اب پیدا ہوئی ہے۔یہ آریہ کی قوم ہے ان کا بھی یہی پیشہ ہے کہ دوسرے کی بدیاں بیان کردینے میں دلیر ہیں اور اپنی کوئی خوبی نہیں رکھتے۔اس لئے انہوں نے مجبور ہوکر یہی سوچا کہ معائب کا دروازہ کھول دیں۔خدا تعالیٰ کی نسبت تو ان کا یہی عقیدہ کہ وہ کسی چیز کو بلا مادہ پیدا ہی نہیں کرسکتا اور اخلاقی قول یہ کہ حقوق العباد میں یہ تجویز کیا کہ اگر کسی کے اولاد نہ ہو تو وہ عورت کسی اور سے ہم بستر ہو کر اولاد لے لے اور اس کا نام انہوں نے نیوگ رکھا۔اب جس قوم کی یہ حالت ہو وہ دوسروں کے معائب بیان نہ کرے تو کیا کرے؟ چوتھے ہمارے مخالف مسلمان ہیں ایک لڑکا مجھے لکھتا ہے کہ لنگرخانہ کا خرچ ہی کیا ہے؟ اس میں ہوتا ہی کیا ہے؟ تم اعلیٰ درجہ کا لباس پہنتے ہو تم فلاں غلطی کرتے ہو یہ کرتے ہو وہ کرتے ہو۔میں حیران ہوتا ہوں کہ یہ لوگ کیوں ایسی غلطی کرتے ہیںجس کا نتیجہ نیک نہیں۔عیسائیوں نے اس راہ پر قدم مارا وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قبول کرنے سے رہ گئے شیعوں نے قدم مارا وہ سچائیوں کے لینے سے رہ گئے آریوں نے اس سے کیا فائدہ اٹھایا جو تم ان کی راہ اختیار کرتے ہو۔