خطابات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 527 of 660

خطابات نور — Page 527

جرم کے ارتکاب سے روک دیں گے۔نہیں ہرگز نہیں بلکہ وہ بھی کہیں گے کہ جب مقدمہ ہمارے پاس آئے گا ہم دیکھ لیں گے اس وقت ہم کچھ نہیں کر سکتے ہمارا کانسٹیبل ذمہ دار ہے۔اللہ تعالیٰ نے روحانیت کا سلسلہ بھی ایسا بنایا ہے۔میرے آقا رسالت مآب کے ساتھ ایک بڑی مخلوق وابستہ تھی جب آپؐ کا وصال ہوا آپ کی وفات پر فوراً اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل وکرم سے ایک سردار قائم کر دیا جس کے سامنے سب کی گردنیں جھکا دیں اور مسند خلافت پر حضرت ابوبکر صدیقؓ کو بٹھا دیا مجھے اور لوگوں کی طرح زیادہ تقریر کرنے کی ضرورت نہیں۔میں بات کو خواہ مخواہ رنگا رنگ کی مثالوں سے طول دینا نہیں چاہتا۔میں نے ایک بات بتلائی ہے اور نہایت ضروری بات بتلائی ہے۔وہ یہ ہے کہ قرآن کریم کو پڑھو، سنو، سمجھو اور اس پر عمل کرو۔میں شاید اور کہتا۔پر اصل بات یہی ہے جو میں کہہ چکا۔دنیا میں میں نے دیکھا ہے کہ لیکچرار اپنے اپنے لیکچروں کو کئی قسم میں تقسیم کر دیتے ہیں ان لاکھوں قسموں میں سے ایک حصہ میں نے بھی چن لیا ہے میر اجی یہی چاہتا ہے کہ اپنے گھر کے لوگوں …… اور متعلقین میں اسی کا وعظ کہوں اور کہتا ہوں کہ قرآن کریم پڑھو، قرآن کریم پڑھو اور اس پر عمل کرو اللہ کریم تم سب کو توفیق دیوے۔(البدر ۲۵؍جولائی ۱۹۱۲ء صفحہ ۲تا ۵)