خطابات نور — Page 354
پھر میں ان لوگوں کو جنہوں نے ابھی بیعت کی ہے نصیحت کرتا ہوں کہ وہ بہت استغفار کیا کریں۔استغفار انسان کو بہت سی بدیوں سے محفوظ رکھتا ہے اور پھر بدیوں کے برے نتائج سے بچاتا ہے اور استغفار کی جڑ یہی ہے۔پھر الحمد شریف بہت پڑھو۔الحمد شریف ایک بے نظیر دعا ہے اور اللہ تعالیٰ کی محبت اس کے پڑھنے سے پیدا ہوتی ہے مگر اس کے مطالب کو خوب سوچ کر پڑھو اور خوب توجہ سے پڑھو۔پھر درود شریف بہت پڑھو۔درود شریف کے پڑھنے میں اس بات کو یاد رکھو کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ترقی مدارج ہو۔درود شریف کے پڑھنے سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت بڑھتی جاتی ہے۔آپ کے اتباع کا جوش پیدا ہوتا ہے۔ملائکہ سے تعلق بڑھ جاتا ہے۔درود شریف کا کثرت سے پڑھنا بڑا ہی مفید امر ہے۔پھر لاحول بہت پڑھا کرو۔اس سے بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے نیکیوں کے لئے توفیق اور بدیوں سے بچنے کی توفیق ملتی ہے اور ہر قسم کی مشکلات آسان ہو جاتی ہیں۔یہ میرا اور تمام راستبازوں کا مجرب نسخہ ہے۔یہ ایک نصیحت ہے جو میں نے تمہیں درد دل سے کی ہے۔اور محض خدا کی رضا کے لئے کی ہے۔اگر دل سے نہیں کی تو پھر خدا پکڑنے والا ہے۔میں پھر کہتا ہوں اور کھول کر کہتا ہوں کہ مجھے دنیا کی کوئی غرض نہیں اور نہ دنیا طلبی اور جاہ طلبی میرا مقصود ہے۔صرف خدا کی رضا چاہتا ہوں۔وہ کسی طرح سے راضی ہوجاوے۔پھر یاد رکھو کہ میں اجتماع کو ضروری سمجھتا ہوں۔اجتماع پر خدا تعالیٰ کے بہت بڑے فیضان اور برکات نازل ہوتے ہیں۔اس لئے اس کی بہت بڑی تاکید قرآن مجید میں آئی ہے مگر یاد رکھو کہ اجتماع ہمیشہ ایک شخص پر ہی ہوسکتا ہے۔ایک درخت کی خواہ لاکھ شاخیں ہوں اور سب کی سب پانی میں بھی ہوں تو بجائے اس کے کہ وہ سر سبز ہوں وہ سب کی سب خشک اور مردہ ہوجائیں گی بلکہ پانی کو بھی متعفن کردیں گی۔اس طرح پر اگر مسلمان ایک شخص پر اکٹھے نہ ہوں تو ان کی حالت اس درخت کی ٹہنیوں کی سی ہوگی۔اگر وہ درخت کے ساتھ وابستہ رہیں گی تو سر سبز رہیں گی و الّا نہیں۔