خطابات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 28 of 660

خطابات نور — Page 28

کیں۔اسی طرح اب یہ تمہاری انجمن بھی اس کے مشابہ ہے۔تم بھی نیک نیتی خدا ترسی اور اتفاق اور دعا سے کام لو تا کہ کامیاب بن جائو۔جانتے ہو کہ میں نے تم کو کیا کچھ کہا ہے اچھا پھر خلاصے کے طور پر بیان کر دیتا ہوں۔لا الٰہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ پر پورا ایمان رکھو کہ اللہ کے سوا کسی کی سچی فرمانبرداری نہ کرو، اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو، کسی کو اپنے ضرر یا نفع پہنچانے والا سوائے خدا کے نہ مانو، کسی کو سوائے اللہ کے قاضی الحاجات اور دعائوں کے سننے والا نہ گردانو۔بہرحال عسر ویسر میں اسی کی طرف جھکو اور محمدؐ کو اس کا بھیجا ہوا اور اس کی کتاب کا معلم جانو۔بعض کام ہیں جن سے بچتے رہو اور بعض ہیں جن کو ہمیشہ کرتے رہو مثلاً (نہ کرنے والے) بُرے، نفس پرست، شہوانی لوگوں کی صحبت سے، حرص، چوری، بانکپن، غیبت، چغلیاں، دوسروں کے حقوق کو تلف کرنے والے اور ہر ایک قسم کے بدکار شریر لوگوں کی صحبت سے ہمیشہ پرہیز کرتے اور بچتے رہو، سستی نہ کرو، لڑائی جھگڑوں سے بچو، بازار کی مٹھائیوں کا استعمال نہ کرو، خود روی اختیار نہ کرو اور ان سب سے بڑھ چڑھ کر خدا سے جنگ نہ کرو۔اور کرنے کے کام، نیک صحبت اختیار کرو، ہر ایک قسم کی بُری عادتوں کو چھوڑ دو، سادگی اختیار کرو، حق اللہ اور حق العباد کا خیال رکھو، قرآن شریف عمل کی غرض سے پڑھو یا سنو، نماز با جماعت پڑھو،محنت کے عادی بنو ،ہمت اور بلند حوصلگی اختیار کرو دلیری کرو، دعائیں مانگو، اللہ پر بھروسہ رکھو، نیک نمونہ بننے کی کوشش کرو، خدا کو کامیاب کرنے والا ہونے پر یقین رکھو پھر استقلال اختیار کرو اور ان سب سے بڑھ چڑھ کر خدا سے صلح کر لو۔دعا۔خدا تعالیٰ مجھ کو اور تم سب کو میں نے جو باتیں کہی ہیں ان پر عمل کرنے کی توفیق عنایت فرماوے اور ہم سب کو اپنی سچی فرمانبرداری کرنے کی توفیق دے اور اسی سچی فرمانبرداری میں ہی سب کو اس دنیا سے اپنی طرف بلا لیوے اور ہماری آخری پکار یہی ہو الحمد للّٰہ ربّ العالمین۔اٰمین ثم اٰمین۔(الحکم۶‘ ۱۳؍جولائی ۱۸۹۸ء صفحہ۹تا۱۳) ٭ … ٭ … ٭