خطابات نور — Page 241
عقل کے معنے روکنے اور باندھنے کے ہیں۔چونکہ یہ انسان کو جذبات نفسانی کے روکنے کے لئے کام دیتی ہے اس لئے عقلمند وہی ہوتے ہیں جو اپنے جذبات پر حکومت کرتے ہیںاور نہایت اطمینان اور سکینت کے ساتھ ایک بات کو سنتے ہیں اور غور کرتے ہیں۔اس وقت سننے والے عقلمند ہیں یا کم از کم کافی تعداد عقلمندوں کی ہے اور وہ فائدہ کے لئے سننا چاہتے ہیں۔اس لئے میں یقین کرتا اور خدا تعالیٰ سے توفیق چاہتا ہوں کہ وہ آپ کو وہ سننے کا موقع دے جو سننے کا حق ہے یعنی آپ توجہ سے سنیں اور ان پر بہت غور کریں اور ان کو مفید پا کر عمل کریں کیونکہ یہ معمولی آدمی کا کلام نہیں ہے بلکہ ایسے شخص کا کلام ہے جو کہتا ہے کہ میں خدا تعالیٰ کی طرف سے مامور ہوکر آیا ہوں۔پس اس لحاظ سے اور بھی ضروری ہے کہ آپ بہت توجہ سے سنیں اور عمل کریں۔قرآن شریف میں فرمایا ہے: (الزمر:۱۹) یعنی اچھی باتوں کو سنتے ہیں اور پھر ان کے متبع ہوجاتے ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ اتنا کہنا کافی ہے۔اب مولوی عبدالکریم صاحب وہ لیکچرجو حضرت صاحب نے لکھا ہے آپ کو پڑھ کر سنائیں گے۔اللہ تعالیٰ انہیں توفیق دے اور آپ لوگوں کو سننے ، سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق بخشے۔آمین ( الحکم ۲۴؍ نومبر ۱۹۰۴ء صفحہ ۵ ) ٭ … ٭ … ٭