خطابات نور — Page 19
اطفال کے لئے زریں نصائح {تقریر فرمودہ بتقریب جلسہ انجمن ہمدرد اسلام قادیان } بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علٰی رسولہ الکریم اخویم مکرم سلّمکم اللّٰہ تعالٰی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔تقریر ذیل اگرچہ جناب مولانا مولوی نورالدین صاحب نے انجمن ہمدرد اسلام قادیان دارالامن والا مان کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو سنائی ہے مگر میرے خیال میں اعلیٰ وادنیٰ ہر طبقہ کے لوگوں میں سے ہر ایک قسم کے لوگ اپنی اپنی استعداد کے لحاظ سے اس پُر معارف تقریر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس لئے میں چاہتا ہوں کہ یہ پاک الفاظ جو اس خدا کے برگزیدہ بندے کے منہ سے نکلے اور ایک دنیا کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں ان کو چند ہی کانوں تک محدود رکھ کر اور ان کی ناقدری کر کے ہوا ہی میں نہ اڑا دیا جاوے۔بلکہ اللہ تعالی کی اس نعمت کے خوان کی جو اس نے محض اپنے فضل سے بغیر کسی محنت اور کوشش کے عنایت فرمایا ہے قدر کریں اور اس کو اپنے سر آنکھوں پر لے کر اس کی قدر کا حق ادا کریں اور اس کے دئیے میں سے اس کے حکم کی فرمانبرداری کے لئے جیسا کہ وہ فرماتا ہے کہ(البقرۃ :۴)کمربستہ ہو کر اس کو اس طرح خرچ کریں کہ ان پاک الفاظ کو ہوا کے گھوڑے سے اتار کر کاغذ کے گھوڑے پر سوار کر دیں۔اس طرح پر یہ الفاظ محفوظ ہو کر وقتاً فوقتاً خلق اللہ کو فائدہ دے سکیں گے لہٰذا میں نے مذکورہ بالا غرض کے پورا کرنے کے لئے اس تقریر کو اکٹھا کر کے آپ کی خدمت میں ارسال کیا ہے کہ آپ براہِ مہربانی اس کو اپنے اخبار کے کسی کونے میں گوشہ گزین بنا دیں۔عین مہربانی ہوگی خدا آپ کو جزاخیر دیوے اور ان الفاظ کو مخلوق کی ہدایت کا موجب بناوے۔آمین ثم آمین۔راقم۔عاجز عبدالرحمن قادیانی سیکرٹری انجمن ہمدرد اسلام قادیان