خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 790 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 790

خطابات مریم 790 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ سنگا پور 1988ء ممبرات لجنہ اماءاللہ سنگا پور بِسمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه اس مختصر پیغام کے ذریعہ آپ کے اجتماع میں شامل ہو رہی ہوں خدا کرے آپ کا اجتماع بہت مبارک ہو اور لجنہ سنگا پور کی ممبرات میں اس کے ذریعہ بیداری پیدا ہو۔مجھے احساس ہے کہ ابھی تک سنگا پور کی خواتین میں احساس ذمہ داری پیدا نہیں ہوا جو بحیثیت ممبرات لجنہ ان میں ہونا چاہئے تھا۔کسی جماعت اور قوم کی طاقت اس کی تعداد پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ اس کی روحانی اور اخلاقی طاقت اور اس کی قربانیوں پر منحصر ہوتی ہے۔بے شک آپ تعداد میں بہت کم ہیں مگر قرآن مجید کی اس آیت كَمْ مِنْ فِئَةٍ قَلِيْلَةِ غَلَبَتْ فِئَةً كَثِيرَةً (البقرة: 250) بہت سی چھوٹی جماعتیں بڑی جماعتوں پر غالب آ جاتی ہیں۔یاد رکھیں یہ غلبہ ظاہری طاقت یا ہتھیاروں کے ذریعہ نہیں ہوتا آج تک کسی مذہبی جماعت نے طاقت کے ذریعہ غلبہ حاصل نہیں کیا۔یہ غلبہ ہمیشہ اعلیٰ اخلاق، عمدہ کردار، دوسروں کے دل جیتنے اور دعاؤں کے ذریعہ ہوتا ہے۔پس کوشش کریں کہ آپ باقی لوگوں سے جو وہاں رہتے ہیں اخلاق اور کردار کے لحاظ سے نمایاں نظر آئیں اپنے اعلیٰ اخلاق ، اعلیٰ نمونہ اور محبت سے دوسروں کے دل جیتنے والی ہوں۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللهِ أَسْوَةٌ حَسَنَةٌ تمہارے لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات ایک مکمل نمونہ ہے اور آپ کی اطاعت اور آپ کے نقش قدم پر چلنے سے ہی اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل ہوتی ہے۔پس قرآن کا ترجمہ سیکھیں، اپنی زندگیوں کو قرآن مجید کی تعلیم کے مطابق گزاریں، اپنے نمونہ سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن اور احسان کو دنیا پر ظاہر کریں۔