خطابات مریم (جلد دوم) — Page 922
خطابات مریم 922 زریں نصائح شہر گجرات کے جلسہ میں نصائح حضرت سیدہ صدر صاحبہ نے مقامی مسائل حل کرنے کے لیے جو مفید اور قابل عمل تجاویز پیش فرمائیں درج ذیل کی جاتی ہیں۔آپ نے فرمایا۔ہر سال تعلیم القرآن کلاس لگتی تھی اجتماع ہوتا تھا جس کی وجہ سے مرکز سے رابطہ رہتا تھا مگر حالات نے ہم سے یہ موقع چھین لیا۔آپ دعا کریں کہ خدا تعالیٰ جلد ہمارے یہ حالات بدل دے۔عہدیداران ہر قسم کا تساہل دور کریں قربانی صرف مال کی ہی نہیں ہوتی وقت بھی دینا پڑتا ہے آپ کی دو تین سیکرٹریان ہیں اور کوئی کام کرنے کے لیے آگے نہیں آتی۔آپ نے کام کرنے کے لیے عہدیداران باہر سے نہیں لانے آپ کو خود اپنا آپ پیش کرنا ہو گا۔خدا اور خدا کے رسول کو مقدم رکھنا ہو گا۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام اسی تعلیم کو زندہ کرنے کے لیے تشریف لائے تھے۔جو کام حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کیا وہی آپ کے خلفاء کرتے چلے آ رہے ہیں ان کے پاؤں کسی قسم کے حالات اور مصائب میں بھی اکھڑنے نہیں پائے پاکستان کے موجودہ حالات میں جہاں قتل کیا جا رہا ہے ، قید کیا جا رہا ہے، مسلمان کہنے پر پابندی لگائی جارہی ہے ہمیں اپنے آپ کو بیدار کرنا ہو گا۔سستیاں ترک کرنی ہونگی ہمیں اپنے عمل کو بہتر کرنا ہو گا کام کرنے والے ہر حال میں کام کرتے ہیں کام کو تقسیم کیا جائے تا کہ کام چلتا رہے۔شہر کو مختلف حلقوں میں تقسیم کیا جائے ہر حلقہ ہفتہ وار اجلاس منعقد کر کے لائحہ عمل کے مطابق کام کرے۔عہد یداران کو تلقین کی کہ پیار و محبت سے کام چلائیں کسی پر سختی نہ کریں جو کام تشکیل دیا گیا ہے خدا کرے صحیح رنگ میں جاری رہے۔نئی خواتین کو کام سکھایا جائے۔دعا کریں کہ ہمارا یہ آزمائش کا دور جلد ختم ہو۔احمدیت کا پودا مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جائے اور دشمن یہ رائے قائم کرنے پر مجبور ہو جائے کہ ہم نے اس درخت کو اکھیڑنے کی بہت کوشش کی مگر اس کی جڑیں بہت مضبوط ہیں ہم اُسے اکھاڑ نہیں سکتے۔(سالانہ رپورٹ لجنہ اماءاللہ مرکزیہ 1984/85ء)