خطابات مریم (جلد دوم) — Page 877
خطابات مریم 877 زریں نصائح نہ پہنچے۔اپنے مسائل کو خود کوشش ، توجہ اور محنت سے حل کرنے کی ہدایت کی۔آپ نے فرمایا کہ جب ممبرات اپنی عہدیداران کو محنت لگن اور جذبے کے ساتھ کام کرنا بتائیں گی تو انشاء اللہ تعالیٰ وہ بھی خود بخود دینی کاموں میں شوق سے حصہ لینے لگیں گی۔قیادت اسلامیہ پارک میں خطاب اس موقع پر آپ نے پردہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ماؤں کی توجہ اس طرف مبذول کروائی کہ بچیوں کو چھوٹی عمر ہی سے پردے کا عادی بنائیں تا کہ بڑے ہو کر پردہ کرنے میں انقباض محسوس نہ کریں۔آپ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ کے سارے حکموں پر عمل کرنا ہمارا فرض ہے اور پردہ بھی حکم الہی ہے۔اس پر عمل کرنا ہم پر واجب ہے۔اس کے بعد آپ نے تمام عہد یداران کو صدر کے ساتھ پورا پورا تعاون کرنے کی تلقین فرمائی۔آپ نے فرمایا کہ اکیلی صدر تو سب کچھ نہیں کر سکتی۔اس پر سارا کام ڈالنا کسی طرح مناسب نہیں۔سب سیکرٹریان اپنے اپنے فرائض کو سمجھیں اور صحیح طریق پر کام سرانجام دیں۔آپ نے ممبرات کو اجلاسوں میں حاضر ہونے کی تاکید کی۔آپ نے اس بات کی خاص طور پر ہدایت کی کہ سارے کام آپس میں تعاون محنت اور کوشش سے ہوا کر تے ہیں۔قیادت سلطان پورہ میں خطاب آپ نے اپنی تقریر میں مختلف تربیتی امور پر روشنی ڈالی۔آداب مجلس، آداب بیوت الحمد اور آداب نماز پر بالخصوص توجہ دلائی۔آپ نے اس امر کی خاص ہدایت کی کہ خطبہ جمعہ اور عیدین کے خطبات کے دوران مکمل خاموشی ہونی چاہئے۔آپ نے ماؤں کو اولاد کی اصلاح و تربیت کی ذمہ داری ادا کرنے کی طرف خاص طور پر توجہ دلائی۔آپ نے تمام احمدی خواتین کو اخلاق فاضلہ اپنانے کی پُر زور تلقین فرمائی اور فرمایا جھوٹ سے اجتناب اور سچائی ہمارا شعار ہونا چاہئے۔(1978)