خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 730 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 730

خطابات مریم 730 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع ناصرات الاحمدیہ قادیان 1985ء بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ پیاری ناصرات الاحمدیہ السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه اللہ تعالیٰ تمہارے اجتماع کو مبارک کرے ابھی تم بچیاں ہو لیکن آئندہ بہت بھاری ذمہ داریوں کو اُٹھانا ہے جس کی تیاری تم نے ابھی سے کرنی ہے۔اس سلسلہ میں میری نصیحت ہے کہ اس عمر میں اپنے اندر انتظامی صلاحیتیں پیدا کرو۔اتنی اعلیٰ صلاحیتیں کہ جب کوئی اہم کام سپرد کیا جائے تو اس کی ادا ئیگی میں کبھی بھی کوئی جھول نہ ہو۔اس کے لئے بعض اوصاف کا ہونا ضروری ہے۔1۔اپنے سے بالا افسر کی مکمل اور غیر مشروط اطاعت۔کسی بات پر الجھنا نہیں جو حکم ہے اس کی ادائیگی کے بعد آرام کا سانس لینا ہے۔2۔جو حکم دیا جائے جو کام کرنے کو دیا جائے۔اسے پوری طرح سمجھنا چاہئے بعض دفعہ نہ سمجھنے کی وجہ سے وقت اور محنت صرف ہوتی ہے۔مگر کام اس طرح انجام نہیں پاتا جس طرح ہونا چاہئے۔3۔اپنے سے چھوٹوں یا ماتختوں جن سے کام لینا ہو ان کو بھی پوری طرح سمجھانا چاہئے اور شفقت اور پیار سے کام لیں۔4 کام کرنے والی ساری ٹیم میں آپس میں اتفاق ، اتحاد اور تعاون ہو۔5۔جو کام سپرد ہو اس کو فوری کرنا چاہئے یہ نہیں کہ کر لیں گے۔بعض دفعہ ٹالنے کے بعد جب کام کرنا شروع کیا جاتا ہے تو احساس ہوتا ہے اب وقت تھوڑا رہ گیا یا بسا اوقات کام کرنے والا بیمار ہو جاتا ہے اور اپنا فرض ادا نہیں کر سکتا۔مثلاً ایک طالب علم سارا سال پڑھائی نہ کرے اور آخر میں پڑھ کر پاس نہیں ہوسکتا۔