خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 10 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 10

خطابات مریم 10 تحریرات 1938ء میں قادیان میں دینیات کلاسز کی درجہ ثالثہ کی طالبات نے جس کی سیکرٹری امتہ السلام اختر تھیں اشاعت مصباح سوسائٹی کے نام سے ایک مجلس تشکیل دی جس میں انہوں نے جہاں ایک طرف مصباح کی اشاعت بڑھانے میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں وہاں اچھے مضامین لکھ کر اس کے معیار میں اضافہ کیا۔1947ء میں ملکی تقسیم کے باعث مصباح بند ہو گیا اور 1950ء میں لجنہ اماءاللہ مرکزیہ نے اپنی نگرانی میں محترمہ امتہ اللہ خورشید مرحومہ کی ادارت میں اس پر چہ کو جاری کر دیا۔گویا مصباح کو جاری ہوئے پورے پچاس سال گزر چکے ہیں۔ان پچاس سالوں میں تعلیم کا معیار بہت بلند ہوا ہزاروں ہزار خواتین اور لڑکیوں نے اعلیٰ تعلیم اور قابلیت حاصل کی اس کے نتیجہ میں مصباح کا معیار بہت بلند ہو جانا چاہئے تھا۔آج میں پھر اپنی بہنوں کو اس طرف توجہ دلاتی ہوں کہ اپنے رسالہ کے لئے ایک بار پھر بھر پور کوشش کریں۔فی زمانہ ایک اچھا رسالہ نکالنا واقعی ایک مشکل کام ہے۔روپیہ بھی خرچ ہو اور مقصد بھی ہاتھ نہ آئے تو کیا فائدہ۔مصباح اس لئے جاری کیا گیا تھا کہ احمدی خواتین جہاں ایک طرف اس کے ذریعہ لجنہ اماءاللہ کی تحریکات اور ہدایات سے واقف ہوتی رہیں گی وہاں یہ رسالہ ان کے گھروں میں علم کی روشنی پھیلائے گا۔پس اس کے مضامین ایسے ہونے چاہئیں جو بھی اس پر چہ کو پڑھے اس کے دینی، دنیوی علم میں اضافہ ہو۔ہر قسم کے مضامین آپ کو اس کے لئے بھجوانے چاہئیں۔مذہبی ،علمی، اخلاقی، معاشرتی ، اقتصادی، تمدنی، گھریلو مسائل کے متعلق خانہ داری ، سلائی ، کشیدہ کاری وغیرہ کے متعلق۔دوسری زبانوں سے اچھے مضامین کے تراجم ، بچوں کی تربیت اور معلومات کے متعلق مضامین وغیرہ۔اچھی نظمیں اور غزلیں ہوں اپنے ان بزرگوں کے حالات زندگی ہوں جنہوں نے لجنہ اماءاللہ کی خدمات سرانجام دیں۔احمدیت کی خاطر قربانیاں دیں۔بے مثال زندگی گزاری اور اپنی اولادوں کی اعلیٰ تربیت کی جس کے نتیجہ میں انہوں نے زندگیاں وقف کیں۔میں امید کروں گی کہ اپنی بہنوں اور بچیوں سے میری یہ اپیل ضائع نہیں جائے گی اور آئندہ سے وہ خود بھی اس میں دلچسپی لیں گی اور مصباح کے معیار بلند کرنے اور اس کی اشاعت بڑھانے کیلئے پوری جد و جہد کریں گی۔اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرمائے۔آمین (ماہنامہ مصباح دسمبر 1976ء)